سخت گیر اسلام پرستوں کی جانب سےتشدد کی دھمکی کے بعد، امریکی پاپ سنگر لیڈی گاگا کے شوز کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ تین جون کو انڈونیشیا میں ہونے والا شو منسوخ کردیا گیا ہے۔
محفل موسیقی کے انعقاد پر مامور وکیل، منولا سباینگ نے کہا ہے کہ تقریب کی منسوخی کی وجہ لیڈی گاگا کی ذاتی سکیورٹی معاملہ نہیں ہے، بلکہ اُن شائقین کی حفاظت مقصود ہے جو اِس تقریب میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔
انڈونیشیا کی پولیس نےگلوکارہ کی چال ڈھال اور وضع قطع میں تبدیلی نہ لانے کی صورت میں ضروری اجازت نامہ جاری کرنے سے انکار کیا ہے۔
’اسلام کا دفاع ‘ (ایف پی آئی) نامی تنظیم نے دھمکی دی تھی کہ لیڈی گاگا کو طیارے سے اترنے نہ دینے کے لیے وہ اپنی فورس کے 30000ارکان کو تعینات کریں گے۔
اُن کے شو کے لیے 52000پیشگی ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے، اور منعقد ہونے کی صورت میں یہ ایشیا میں اُن کا سب سے بڑا شو ہوتا۔