لبنان کے حکام ان پانچ قیدیوں کو تلاش کررہے ہیں جو ہفتے کے روز ملک کے ایک بڑی جیل سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ زیادہ تر مفرور قیدی ایک ایسی انتہاپسند تنظیم کے رکن ہیں، جس کے بارے میں کہاجاتاہے کہ وہ القاعدہ کے دہشت گرد نیٹ ورک سے متاثر ہے۔
پانچوں قیدیوں نے جیل کی دیوار پھلانگنے کے لیے بستر کی چادریں استعمال کیں۔ اس کے بعد وہ ان لوگوں میں شامل ہوگئے جو قیدیوں سے ملاقات کے لیے آئے ہوئے تھے اورپھر وہ بیروت کے شمال مشرق میں واقع رومیہ جیل کے احاطے سے باہر نکل کر غائب ہوگئے۔
حکام کا کہناہے کہ فرار ہونے والے قیدیوں میں فتح الاسلام تنظیم کے ممبر بھی شامل تھے۔
فتح الاسلام نے 2007ء میں لبنانی فوج کے ساتھ ایک خون ریز جنگ لڑی تھی، جس میں تقریباً 400 افراد مارے گئے تھے۔ یہ لڑائی لبنان کے شمال میں واقع فلسطینیوں کے ایک پناہ گزین کیمپ میں اس تنظیم کی جانب سے بغاوت بھڑکانے کے نتیجے میں شروع ہوئی تھی۔