رسائی کے لنکس

لیبیا: باغیوں کا طرابلس کے نزدیک بڑا حملہ


لیبیا: باغیوں کا طرابلس کے نزدیک بڑا حملہ
لیبیا: باغیوں کا طرابلس کے نزدیک بڑا حملہ

لیبیا کے حکمران معمر قذافی کے خلاف برسرِ پیکار باغیوں نے دارالحکومت طرابلس کے جنوب مغرب میں واقع پہاڑی علاقے میں ایک تازہ کارروائی کا آغاز کیا ہےجس کا مقصد دارالحکومت کی طرف پیش قدمی کرنا ہے۔

باغی جنگجوؤں نے بدھ کے روز طرابلس کے نزدیک واقع القوالش نامی پہاڑی علاقے میں موجود سرکاری فورسز پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ عینی شاہدین نے علاقے میں نیٹو طیاروں کی پروازوں کی بھی اطلاع دی ہے۔

اس سے قبل طرابلس سے 200 کلومیٹر مشرق میں واقع حزبِ مخالف کے زیرِقبضہ مصراتہ کے نزدیک سرکاری فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 11 باغی جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

طبی عملہ اور باغی حکام کے مطابق ہلاکتیں سرکاری افواج کی جانب سے مصراتہ کے اطراف میں موجود باغیوں کے ٹھکانوں پر پیر کی شب اور منگل کے روز کی گئی بمباری سے ہوئیں۔ بمباری میں 40 باغی زخمی بھی ہوئے۔

ادھر امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سینیٹ میں اس قرارداد پر رائے شماری ملتوی کردی گئی ہے جس کے تحت امریکی افواج کی لیبیا کے خلاف جاری آپریشن میں آئندہ ایک برس تک شرکت کی اجازت دی جانی تھی۔ تاہم قرارداد میں لیبیا کی جنگ میں امریکہ کی زمینی افواج کی شرکت کی ممانعت کی گئی ہے۔

قرارداد کے اصل محرکین ڈیموکریٹ سینیٹر جان کیری اور ری پبلکن سینیٹر جان مک کین نے موقف اختیار کیا ہے کہ معمر قذافی اقتدار سے محرومی کے نزدیک ہیں اور اس وقت امریکہ کی لیبیا کے خلاف فوجی کارروائی میں شرکت جاری رکھنا اہم ہے۔

مذکورہ قرارداد کو امریکی ایوانِ نمائندگان سے منظور کرانے کی کوشش حال ہی میں ناکامی سے دوچار ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG