لیبیا میں ایک ہیلی کاپٹر مارگرائے جانے کے مبینہ واقعہ میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ منگل کو حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر پر طرابلس میں قائم اسلامی حکومت کے ارکان سوار تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس ہیلی کاپٹر پر کتنے افراد سوار تھے تاہم عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں کسی کے زندہ بچ جانے کی توقع نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر طرابلس سے اڑا اور المایا کے مغرب میں سمندر میں گر گیا۔
طرابلس میں قائم اسلامی حکومت نے تبروک میں قائم اپنی حریف حکومت پر ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا الزام عائد کیا تاہم تبروک میں عہدیداروں نے اس الزام کو مسترد کیا ہے۔
لیبیا میں جاری شورش اور انتشارکی وجہ سے دو مختلف حکومتیں قائم ہیں جن میں ایک طرابلس میں ہے جب کہ بین الاقوامی حمایت یافتہ ایک حکومت مشرقی علاقے سے کام کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے ایک اتحادی حکومت بنانے کے لیے ثالثی کی تمام کوشیشیں تاحال ناکام ثابت ہوئی ہیں۔
لیبیا پر کئی عشروں تک برسرِ اقتدار رہنے والے آمر معمر قذافی کی 2011ء میں اقتدار سے برطرفی اور ہلاکت کے بعد سے لیبیا بحران اور سیاسی بے یقینی کا شکار ہے۔