رسائی کے لنکس

کراچی پولیس کو جھوٹ پکڑنے والا سافٹ ویئر’مل گیا‘


ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈاکٹر جمیل خان کے مطابق، ’سافٹ وئیر کسی بھی بیان کے 90فیصد تک سچ یاجھوٹ ہونے کا فوری پتہ بتا سکتا ہے‘

کراچی ۔۔۔ ’کمپیوٹر وائس اسٹریس اینالائزر‘ جھوٹ پکڑنے میں مدد دینے والا جدید سافٹ وئیر ہے، جو کراچی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ اس کی مدد سے کراچی پولیس آسانی سے اس بات کا پتہ چلاسکے گی کہ زیر تفتیش ملزم جھوٹ بول رہا ہے یا سچ۔

ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈاکٹر جمیل خان کے مطابق، ’سافٹ وئیر کسی بھی بیان کے 90فیصد تک سچ یاجھوٹ ہونے کا فوری پتہ بتاسکتا ہے‘۔

بقول ڈاکٹر جمیل، ’کراچی پولیس میں تفتیش کے روایتی انداز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔ ’وائس اسٹریس اینالائزر‘ جدید ٹیکنالوجی ہے جسے آسٹریلین فیڈرل پولیس سے حاصل کیا گیا ہے۔ یہ بیان دیتے وقت ملزم کی آواز کے اتار چڑھاوٴ،کپکپاہٹ، پریشانی اور دل کی دھڑکن کو مانیٹر کرتا ہے، کیوں جھوٹ بولنے والا شخص کوشش کے باوجود ان چیزوں پر قابو نہیں رکھ پاتا جس کے سبب ان عوامل میں تبدیلیاں آنے لگتی ہیں۔‘

کراچی کے ایک روزنامے ’ایکسپریس‘کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بیان کے دوران مذکورہ بالا تبدیلیاں بیان کے جھوٹ ہونے کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔‘

ڈاکٹر جمیل کا کہنا تھا کہ جلد ہی سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں اس ٹیکنالوجی کو قانونی تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کرنے کی سفارشات دی جائیں گی تاکہ اس کے نتائج کو عدالت میں بطور ثبوت فراہم کیا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG