خامنہ ای نے حسن نصراللہ کو بتایا تھا کہ اسرائیل نے اُنہیں مارنے کا منصوبہ بنایا ہے: رپورٹ
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی ایک رپوٹ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حزب اللہ کے مقتول سربراہ حسن نصراللہ کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل نے اُنہیں مارنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیجر دھماکوں کے بعد سپریم لیڈر نے اپنے ایک پیغام رساں کے ذریعے حسن نصراللہ کو پیغام بھیجا تھا کہ وہ تہران آ جائیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای نے انٹیلی جینس ذرائع سے ملنے والی رپورٹس کے بعد حسن نصراللہ کو پیغام دیا تھا کہ اسرائیل کے کچھ جاسوس حزب اللہ کی صفوں میں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیغام رساں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ایک سینئر کمانڈر تھے۔
حزب اللہ کا اسرائیل کے تین ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں تین ٹینک تباہ کر دیے گئے ہیں۔
حزب اللہ کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ لڑائی جاری ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس
منگل کو ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد فرانس اور اسرائیل کی درخواست پر بلایا گیا سلامتی کونسل کا اجلاس جاری ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اجلاس سے خطاب کے دوران فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے کام کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ سلامتی کونسل کو ایران کے بلا اشتعال حملے کی مذمت کرنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تعاون کی وجہ سے ایران اپنے حملوں کے ذریعے مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔
امریکی سفیر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں۔
ہمیں یا اسرائیل کو ٹارگٹ نہ کریں: امریکہ کا ایران کو انتباہ
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ ہمارے اقدامات دفاعی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کر دوں کہ ایرانی حکومت کو اس کے اقدامات کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ہم ایران یا اس کے پراکسیز کو امریکہ یا اسرائیل کے خلاف مزید کارروائیاں کرنے کے خلاف سختی سے خبردار کرتے ہیں۔
تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ سلامتی کونسل کو ایران کے حملے کی مذمت کرنی چاہیے اور ایران کی طاقت ور اسلامی گارڈز کور پر اس کی کارروائیوں کے سلسلے میں ’سنگین نتائج ‘ کا اطلاق کرنا چاہیے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ، ’یہ ہماری ایک اجتماعی ذمہ داری ہے، سلامتی کونسل کے ارکان کے طور پر، آئی آر جی سی پر دہشت گردی کی حمایت کرنے اور اس کونسل کی بہت سی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے پر اضافی پابندیاں عائد کریں‘۔