رسائی کے لنکس

براہِ راست مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی سے عالمی معیشت متاثر ہوسکتی ہے: آئی ایم ایف

آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزیک نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کی صورتِ حال پر ’گہری تشویش‘ کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر کشیدگی مزید بڑھی تو اس سے پیدا ہونے والی بے یقینی اور خطرات کے معاشی اثرات خطے اور دنیا پر ہوں گے۔

10:02

تل ابیب پر ڈرون حملہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسرائیل کے شہر تل ابیب پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈرون حملہ ہوا ہے اور فوری طور پر نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

اسرائیلی اخبار 'ٹائمز آف اسرائیل' کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورسز کا کہنا ہے کہ دو ڈرونز کے ذریعے تل ابیب کے علاقے بیت یم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جن میں سے ایک ڈرون فضا میں تباہ کر دیا گیا جب کہ دوسرا کھلے علاقے پر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

یہ ڈرون حملہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب لوگ یہودی نئے سال کی چھٹی منا رہے تھے۔

09:53

لبنان کی پارلیمنٹ کے قریب اسرائیل کا فضائی حملہ، چھ افراد ہلاک

اسرائیل نے جمعرات کی علی الصباح لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے بیروت میں ایک محدود کارروائی کی ہے جب کہ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ بیروت کی پارلیمنٹ کے قریب عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق حملے میں چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فضائی حملے سے متاثرہ عمارت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں عمارت کی پہلی منزل پر آگ جلتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے۔ رائٹرز کا کہنا ہے کہ وائرل تصاویر اور ویڈیوز کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

لبنان کے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقے دیہیہ میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں گزشتہ ہفتے عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اسرائیلی کارروائی میں مارے گئے تھے۔

09:40

اسرائیل کے لبنان میں حملے؛ حزب اللہ کتنی کمزور ہوئی ہے؟

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کو گزشتہ دو ہفتوں میں اپنی تاریخ کے سب سے زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس عرصے میں تنظیم کے قائد حسن نصر اللہ سمیت کئی اہم کمانڈرز کی ہلاکت اور اب اسے اسرائیلی فورسز سے زمینی لڑائی کا سامنا بھی ہے۔

دو ہفتے قبل حزب اللہ کے کارکنوں کے زیرِ استعمال ہزاروں کمیونی کیشن ڈیوائسز اچانک پھٹنے کے واقعات میں کم از کم 39 افراد ہلاک اور 3000 زخمی ہوگئے تھے۔ حزب اللہ نے ان دھماکوں کے لیے اسرائیل کو ذمے دار قرار دیا تھا۔

گزشتہ برس اکتوبر میں حزب اللہ کی اتحادی حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد لبنانی عسکری تنظیم نے بھی اسرائیل کی شمالی سرحد پر جھڑپیں شروع کر دی تھیں۔ اس کشیدگی میں اب تک حزب اللہ کے لگ بھگ 500 جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے سے جاری اسرائیل کی لبنان پر بمباری میں حزب اللہ کے 100 سے زائد جنگجو مارے گئے ہیں جن میں حزب اللہ کے اعلیٰ عہدے دار اور کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

حزب اللہ وقفے وقفے سے وسطی اسرائیل پر راکٹ فائر کر رہی ہے۔ تنظیم کے ترجمان محمد عفیف نے منگل کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل پر راکٹ حملے صرف آغاز ہیں اور وہ لبنان میں داخل ہونے پر اسرائیلی فوج سے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیے

09:38

ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی حمایت نہیں کروں گا: جو بائیڈن

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے بدھ کو صحافیوں کے اس سوال پر کہ آیا ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے جواب کی صورت میں وہ ایرانی تنصیبات پر کسی حملے کی حمایت کرتے ہیں، کہا ہے کہ ان کا جواب نفی میں ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق بائیڈن کی جانب سے یہ تبصرہ ایسے موقع پر آیا جب جی سیون ممالک کے سربراہان نے بدھ کے روز ایک فون کال کے دوران ایران پر مزید پابندیوں کے بارے میں غور کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں اسرائیل اور اس کے عوام کے ساتھ امریکہ کی حمایت اور یک جہتی کو دہرایا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سربراہان نے اپنے بیان میں کہا کہ، ’’ہم اسرائیلیوں کے ساتھ اس بات پر غور کریں گے کہ وہ کیسے ردعمل دیں، لیکن ہم ساتوں (جی سیون) اس پر متفق ہیں کہ ان کے پاس جواب دینے کا حق ہے اور انہیں برابری کا ردعمل دینا چاہئے۔‘‘

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG