جرمنی: لبنان اور فلسطینیوں کے حامیوں کا مارچ
اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان کے 20 سے زائد علاقے خالی کرنے کی تنبیہ
اسرائیلی فوج نے جمعے کو جنوبی لبنان کے مزید 20 سے زائد علاقوں کے مکینوں سے کہا ہے کہ وہ علاقہ خالی کر دیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جمعے کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر لبنانی عوام سے علاقہ خالی کرنے کو کہا ہے۔
اسرائیلی سرحد کے قریب جنوبی لبنان کے دیہی علاقوں میں اسرائیل اور لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ دو روز قبل ان جھڑپوں میں اسرائیل کے آٹھ فوجی مارے گئے تھے۔
ایران کی آئل تنصیبات پر جوابی حملوں کے لیے اسرائیل سے رابطے میں ہیں: صدر بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ایران کے اسرائیل پر حالیہ حملوں کی جوابی کارروائی میں ایرانی آئل تنصیباب کو نشانہ بنانے پر بات چیت جاری ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیل کی سول و عسکری قیادت اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ایران کی جانب سے پیر کو کیے جانے والے میزائل حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے جب جمعرات کو اس بارے میں سوال کیا گیا کہ آیا وہ ایران کی آئل تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی حمایت کریں گے؟ اس پر صدر بائیڈن نے کہا کہ " ہم اس معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں یہ ایک چھوٹا حملہ ہو گا۔"
صدر بائیڈن کے تبصرے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
صدر بائیڈن نے زور دیا ہے کہ فوری طور پر کسی ایکشن کی منصوبہ بندی نہیں ہے لیکن اسرائیل ایران کی جارحیت کا جواب دے گا۔
اسرائیل کی تنقید، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا انتونیو گوتریس پر اعتماد کا اظہار
اسرائیلی وزیرِ خارجہ کے حالیہ بیان کے بعد اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا اسرائیل میں داخلہ روکنے کا کہا تھا۔
تاہم سلامتی کونسل کے 15 مستقل ارکان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ یا ادارے کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے اور خاص طور پر ایسے موقع پر جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر ہے۔
سلامتی کونسل کے بیان میں اسرائیل کا نام نہیں لیا گیا ہے۔