ایران کے عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں: سعودی عرب
سعودی عرب نے ایران کے عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
ہفتے کو سعودی وزارتِ خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ ایران کے عسکری اہداف کو نشانہ بنانا اس کی خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب خطے میں جاری کشیدگی اور تنازع کے پھیلاؤ کو مسترد کرتا ہے اور اس پر ایک غیر متزلزل مؤقف رکھتا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے بقول تنازع کا پھیلاؤ خطے کے ممالک اور عوام کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
ایران پر حملے میں سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال نہیں ہوئی: سعودی عہدے دار
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے میں اس کی فضائی حدود استعمال نہیں ہوئی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایک سعودی عہدے دار نے بتایا ہے کہ ایران پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال نہیں ہوا۔
پاکستان امن کے حصول کے لیے ایران اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ کھڑا ہے: وزیرِ اعظم
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی 'جارحیت' کے حالیہ اقدام پر تشویش ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ 'ایکس' پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف خطے کے امن اور استحکام کو خطرہ ہے بلکہ یہ خود مختاری کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے حصول میں ایران اور اس کے دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں۔
قطر کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، بات چیت پر زور
قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق قطر کی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا خطے میں عدم استحکام سے بچنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ اور بات چیت کی جائے۔