سعودی عرب کے اعلیٰ فوجی جنرل کا دورۂ ایران، دفاعی معاملات پر تبادلۂ خیال
سعودی عرب کی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے تہران کے دورے میں ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس ملاقات میں دو طرفہ امور اور دفاعی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب کے اعلیٰ فوجی عہدیدار نے یہ دورہ ایسے موقع پر کیا ہے جب امریکہ میں صدارتی الیکشن ہو چکے ہیں جس میں کامیاب ہونے والے نومنتخب صدر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی صدارت کی دوسری مدت کے لیے جنوری میں منصب سنبھالیں گے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق جنرل فیاض بن حامد الرویلی کی قیادت میں سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطح کا فوجی وفد تہران آیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی افسران میں کئی امور زیرِ بحث آئے جن میں دفاعی سفارت کاری کو مزید فروغ دینے اور دو طرفہ تعاون میں توسیع شامل ہے۔