سپریم کورٹ فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہونے والے سپریم کورٹ کے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ ویڈ یو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں 59 ہزار 191 کیسز زیرِ التوا ہیں جس کے لیے جسٹس منصور علی شاہ کے کیس مینجمنٹ پلان پر عمل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ابتدائی طور پر اس پلان کے تحت ایک ماہ کام کرکے جائزہ لیا جائے گا، کریمنل اور سول کیسز کے لیے دو اور تین رکنی بینچز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کیس مینجمنٹ پر مزید تجاویز بھی دیں۔
اعلامیے کے مطابق ابتدائی ایک ماہ پلان کے بعد تین ماہ اور چھ ماہ کیسز بیک لاگ ختم کرنے کے منصوبے پر کام ہوگا، زیرالتوا کیسز کا جائزہ لینے کے لیے دو دسمبر کو دوبارہ فل کورٹ اجلاس ہو گا۔