اولین ترجیح فریقین کے درمیان سیز فائر کروا کر امن قائم کرنا ہے: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح فریقین کے درمیان سیز فائر کروا کر پائیدار امن قائم کرنا ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر حکومتی وفد ضلعی عمائدین سے جرگہ کر رہا ہے۔ ہفتے کو اہلِ تشیع کے رہنماؤں سے مفصل ملاقاتیں ہوئیں اور مسائل کے حل کے لیے مثبت گفتگو ہوئی ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق اگلے مرحلے میں اہلِ سنت کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ ان کے بقول وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔