رسائی کے لنکس

تیرہویں ’اسٹائل ایوارڈز‘ کا میلہ ’زندہ بھاگ‘ نے لوٹ لیا


اس سال ایوارڈز کی یہ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی اور دو حوالوں سے بالکل منفرد رہی۔ اول یہ کہ اسے رات کے بجائے شام کو رکھا گیا اور دوسرے فنکشن کے اختتام پر حاضرین کی تواضح ’ہائی ٹی‘ سے کی گئی

کراچی ۔۔ ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ کے آسکر ایوارڈز کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔ ہرسال منعقد ہونے والے ان ایوارڈز میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ہر شعبے میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے کڑے مقابلے کے بعد ہی ایوارڈ گھر لے جانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

اس سال ایوارڈز کی یہ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی اور دو حوالوں سے بالکل منفرد رہی۔ اول یہ کہ اسے رات کے بجائے شام کو رکھا گیا اور دوسرے فنکشن کے اختتام پر حاضرین کی تواضح ’ہائی ٹی‘ سے کی گئی۔

دن کے اوقات میں ہونے کے باوجود تقریب کے گلیمر اور اس کی چکاچوند میں کوئی کمی دکھائی نہیں دی۔ انٹرٹینمنٹ اور فیشن کی دنیا کے تمام مقبول نام تقریب کاحصہ بنے اور ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرتے نظر آئے۔

ایوارڈز پانے والے خوش نصیبوں کی بات کریں تو 13ویں لکس ایوارڈز کا میلہ بین الاقوامی سطح پر متعدد ایوارڈز جیتنے والی فلم ’زندہ بھاگ‘ نے تین ایوارڈز حاصل کر کے لوٹ لیا۔

یہ تین ایوارڈز بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین ایکٹر کی کیٹیگریز کے تھے۔ ڈائریکٹر کے لئے مینو اور فرجاد جبکہ ایکٹر کے لئے خرم پطرس کو ایوارڈز دیئے گئے۔

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ آمنہ شیخ کو فلم ’سیڈلینگز‘ پر دیا گیا۔

اوریجنل ساوٴنڈ ٹریک کا ایوارڈ ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ کو ملا، جبکہ راحت فتح علی خان کا گانا ’ملال‘ سال کا بہترین گانا قرار پایا۔

فواد خان نے سیٹلائٹ ڈرامہ کیٹگری میں اپنی ہٹ سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ پر بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا۔ یہ فواد کا دوسرا لکس ایوارڈ ہے۔ اس قبل وہ میگا ہٹ سیریل’ہمسفر‘ پر بھی ایوارڈ پا چکے ہیں۔

صنم سعید سٹیلائٹ کیٹگری میں ’زندگی گلزار ہے‘ کے لئے بہترین اداکارہ قرار پائیں۔ بہترین سٹیلائٹ ٹی وی سیریل کا ایوارڈ ’داغ‘ نے جیتا جواے این بی پروڈکشنز کے آصف رضا میراوربابر جاوید نے وصول کیا۔

بہترین ٹیرسیٹریل ڈرامہ سیریل کا ایوارڈ حاصل کیا ’مرجائیں ہم توکیا‘ نے ۔

اس کیٹگری میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مشترکہ طورپرثمینہ پیرزادہ کو ڈرامہ سیریل ’روشنی اندھیرا، روشنی‘ اور مہوش حیات ’کمی رہ گئی‘ میں عمدہ اداکاری پر دیا گیا۔

نعمان اعجاز نے اسی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ پایا۔

آمنہ مفتی نے سیریل ’الو برائے فروخت نہیں‘ پر بہترین مصنفہ کا ایوارڈجیتا۔

حسیب احسن نے ڈرامہ سیریل ’ننھی‘ کے لئے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔

XS
SM
MD
LG