بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج میں ہندؤ مذہب کا تہوار ’مہا کمبھ میلہ‘ شروع ہو چکا ہے۔ ہندومت کا یہ میلہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع قرار دیا جاتا ہے جو آئندہ کئی ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس میلے میں کروڑوں لوگ اشنان یعنی پاک غسل کریں گے۔ ہندو عقیدے کے مطابق گنگا، جمنا اور سرسوتی دریاؤں کے سنگم پر واقع کمبھ میں اس مقام پر اشنان کرنے سے گناہ دھل جاتے ہیں اور سورگ یعنی جنت کا راستہ کھل جاتا ہے۔ رواں برس مہا کمبھ میلہ 26 فروری تک جاری رہے گا جس میں لگ بھگ 40 کروڑ افراد کی شرکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ امریکہ کی کل آبادی سے بھی زیادہ لوگ ہیں جو اس ڈیڑھ ماہ کے تہوار میں یہاں کا رخ کریں گے۔ ہندوؤں کا عقیدہ ہے کہ میلے کے دوران مکر سنکرانتی جب سورج شمالی نصف کرہ میں داخل ہوتا ہے، کے وقت گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم پر اشنان سے سارے گناہ دُھل جاتے ہیں۔ آخری بار ’مہا کمبھ میلہ‘ 2013 میں ہوا تھا جو 55 دن جاری رہا تھا۔ رواں برس اس میلے کے لیے دریا کے کنارے لگ بھگ 40 اسکوائر کلومیٹر پر عارضی شہر بسایا گیا ہے جو 25 سیکشنز میں تقسیم ہے۔ اس میں 11 اسپتال قائم ہیں جب کہ ڈیڑھ لاکھ کمرے ہیں جہاں زائرین رکیں گے۔ اسی طرح مختلف مقامات پر تین ہزار کچن قائم کیے گئے ہیں جو کھانے کا بندوبست کر رہے ہیں۔ بھارت کی ریلویز نے اس تہوار پر 90 خصوصی ٹرینیں بھی چلائی ہیں۔ تہوار کی سیکیورٹی کے لیے 50 ہزار سے زائد اہلکار بھی تعینات ہیں۔