کراچی: ان دنوں نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی پر بننے والی ڈاکومینٹری 'ہی نیمڈ می ملالہ' کے چرچے عام ہیں جو اکتوبر میں پیش ہونےوالی ہے۔ ڈاکومینٹری فلم کے پریمیئر کیلئے جہاں دنیا بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی، وہیں پاکستان کے صوبہٴسندھ سے دو خصوصی مہمانوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
صوبہٴسندھ سے تعلق رکھنےوالی دو نوجوان کائنات سومرو اور آسوکوہلی کو ملالہ یوسفزئی کی جانب سے خصوصی دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ پاکستان سے بلائی گئی بچیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت تعلیم فراہم کرنےوالی معذور آسوبائی اور سندھ کے گاؤں میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی کائنات سومرو ہیں جو رواں ہفتے ملالہ کی دعوت پر امریکہ جائیں گی۔
آسو کوہلی 'سندھ کی ملالہ'
آسو کوہلی نامی سندھ سے تعلق رکھنےوالی وہ نوجوان لڑکی ہے جو معذوری کے باوجود اندرون سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے ایک گاؤں میں بچوں کو تعلیم دے رہی ہے جسے ملالہ کی جانب سے اس کی منفرد خدمات اور تعلیم عام کرنے کیلئے سراہتے ہوئے اپنی مہم میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
واضح ہو کہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کی جانب سے اندرون سندھ کے ایک گاؤں میں بچوں کو پڑھانے والی معذور لڑکی کو گزشتہ برس 'سندھ کی ملالہ' کے خطاب سے نوازا جا چکا ہے۔ سندھ کے ایک ہندو گھرانے میں آنکھ کھولنےوالی آسو بچوں میں علم کی شمع روشن کر رہی ہے۔
اجتماعی زیادتی کا شکار 'کائنات'
ملالہ کی ڈاکومینٹری کے پریمئر میں مدعو کی گئی دوسری مہمان کائنات سومرو لڑکیوں کے حقوق کیلئے ایک مثالی صورت رکھتی ہے جو سندھ کے گاؤں میں اسکول جاتے وقت وڈیروں کی جانب سے اجتماعی زیادتی کا شکار ہوئی۔ اپنے لئے انصاف کی جنگ کے دوران کائنات نے اپنے بھائی کو کھویا بلکہ آج بھی انصاف کی جنگ کیلئے کراچی کی عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہے۔اس ضمن میں اسکی پڑھائی متاثر ہوئی جسے ملالہ کی جانب سے دوبارہ تعاون پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ کائنات سومرو اس سے قبل بھی ملالہ یوسفزئی سے ملنے اوسلو جا چکی ہیں۔ ڈاکیومینٹری شو میں کائنات کی ملالہ سے دوسری ملاقات ہوگی۔
کائنات سومرو نے اپنی دعوت سے متعلق وی او اے کی نمائندہ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملالہ نے مجھے اپنی ڈاکیومینٹری فلم کی دعوت کیلئے مدعو کیا ہے، جسکے لئے میں 23 ستمبر کو اپنےوالد کے ہمراہ امریکہ جاوں گی‘۔
واضح ہو کہ سندھ کی دونوں لڑکیوں کیلئے پاکستان سے امریکہ روانگی کے اخراجات ملالہ یوسفزئی کے نام پر لڑکیوں کی تعلیم کیلئے مختص 'ملالہ فنڈ' نامی ادارہ برداشت کرےگا۔
خصوصی طور پر مدعو کی گئی 5 لڑکیوں میں شامل دو پاکستانی
اس خصوصی پروگرام کیلئے ملالہ فنڈ کی جانب سے سندھ کی دو لڑکیوں سمیت 5 نوجوان لڑکیوں کو مدعو کیا گیا ہے جو کسی نا کسی طور پر لڑکیوں کے حقوق اور ان کی تعلیم کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے میں سرگرم ہیں۔ پاکستان کے صوبہ سندھ سے آسو کوہلی اور کائنات سومرو سمیت سائیریا، نائیجیریا سے بھی مدعو کی گئی ہیں جو اس موقع پر ملالہ کے ساتھ یکجہتی اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے جذبے کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں گی بلکہ اپنے تاثرات بھی شیئر کرنے کا موقع ملےگا۔
’ہی نیمڈ می ملالہ‘، ملالہ کے تعلیمی مشن کا سفر
سال 2014 کا امن نوبل انعام اپنے نام کرنےوالی پاکستانی نوجوان ملالہ یوسفزئی دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئَے آواز اٹھانےوالی آواز بن کر سامنے آئی ہے جسے تعلیم کے فروغ کی خاطر دہشتگردوں کی جانب سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ملالہ کے اس تعلیمی مشن کےحوالے سے اُن پر ایک ڈاکیومینٹری فلم 'ہی نیمڈ می ملالہ' مرتب کی گئی ہے، جس میں ملالہ اور ان کے والد اور خود ملالہ کی فیملی کی خدمات کو ایک ڈاکیومینٹری کی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اس فلم کا ٹریلر جاری کیا جا چکا ہے، جسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔ ملالہ کی اس دستاویزی فلم کے ہدایتکار، ڈیوس گوگنہیم نے پروڈیوس کیا ہے۔