نوبیل انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے والی، ملالہ یوسفزئی نے پاکستان کے شہر شانگلہ میں لڑکیوں کیلئے اسکول اور کالج تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اُن کے بقول، شانگلہ میرا شہر ہے۔ میرا بچپن اسی شہر میں گزرا ہے۔
ملالہ کا کہنا ہے کہ میں شانگلہ میں تعلیم سے محروم بچوں کیلئے اسکول اور کالج تعمیر کراوٴں گی۔
بقول اُن کے، ’مجھے افسوس ہے کہ میرے شہر کے بچے تعلیم کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ اور ان کے پاس تعلیم کیلئے اسکول موجود نہیں‘۔
ملالہ یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ شانگلہ میں لڑکیوں کےاسکول کی کمی ہے اور تعلیم کی مناسب سہولتیں موجود نہیں۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، ملالہ نے یہ اعلان شاہپور میں منعقدہ ایک تعلیمی سیمینار سے ٹیلیفون خطاب کے دوران کیا، جہاں ایک اسکول میں ملالہ کو نوبیل انعام ملنے کی خوشی میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔
ملالہ شانگلہ شہر میں پیدا ہوئیں اور جہاں اُن کا بچپن گزرا۔ بعدازاں، ان کے والدین سوات شہر منتقل ہوگئے تھے۔