مالدیپ کے نئے صدر محمد وحید نے ہفتے کے روز نئی دہلی میں وزیر اعظم من موہن سنگھ اور وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا سے ملاقات کی اور مالدیپ کی موجودہ صورِ حال پر تبادلہٴ خیال کیا۔
اُنھوں نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کے امکان اور اپنے پیش رو محمد ناشید کی حکومت کی متنازع بے دخلی پر بھی بات چیت کی۔
محمد وحید کا بحیثیتِ صدر یہ پہلا بھارتی دورہ ہے۔ وہ وزیر اعظم من موہن سنگھ کی دعوت پرپانچ روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں۔
اُن کے ساتھ اُن کی اہلیہ اور ایک بڑا وفد بھی آیا ہوا ہے۔ وہ 15مئی تک بھارت میں رہیں گے۔
اُن کے دورے سے تین ہفتے قبل، سابق صدر محمد ناشید دہلی آئے ہوئے تھے، جِن کے دورے کا مقصد مالدیپ میں جلد از جلد انتخابات کے انعقاد کے اپنے مطالبے پر بھارت سے حمایت حاصل کرنا تھا۔محمد ناشید کو پولیس فورس کے ایک طبقے کی جانب سے بغاوت کے بعد سات فروری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ اُس کے بعد نائب صدر محمد وحید کو ملک کا صدر بنا دیا گیا تھا۔
وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے تاج پیلس ہوٹل جا کر محمد وحید سے ملاقات کی۔وزارتِ خارجہ کے مطابق، دونوں راہنماؤں نے ایک گھنٹے تک تبادلہٴ خیال کیا۔
محمد وحید صدر جمہوریہ پرتیبھا پاٹیل سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔