سندھ کے شہر جیکب آباد میں ماتمی جلوس میں ہونے والے ایک مبینہ خودکش حملے میں ہلاک افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق خود کش حملہ جمعے کی شب جیکب آباد کے مرکزی علاقے کوئٹہ روڈ پر ایک پارک کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے وقت علاقے سے نو محرم الحرام کا ماتمی جلوس گزر رہا تھا۔
'پی ٹی وی' کے مطابق مقامی انتظامیہ نے دھماکے میں 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جن میں کم از کم چار بچے بھی شامل ہیں۔
ایس ایس پی جیکب آباد ظفر ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہورہا ہے کہ دھماکہ خود کش حملے کا نتیجہ ہے۔
علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
دھماکے کے زخمیوں کو جیکب آباد کے سول اسپتال اور امام میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق تین شدید زخمیوں کو بہتر طبی امداد اور نگہداشت کے لیے لاڑکانہ جب کہ 12 کو جیکب آباد ایئر بیس کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے واقعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
سندھ کی صوبائی حکومت نے مقامی انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی ہدایت کی ہے۔
نجی ٹی وی 'جیو نیوز' کے مطابق خودکش حملے کے بعد مشتعل افراد نے شہر میں احتجاج کیا اور سرکاری تنصیبات پر حملے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا ہے۔