رسائی کے لنکس

ماریا زوبر 'نیشنل سائنس فاؤنڈیشن' کی چیئرپرسن بن گئیں


ماریا زوبر (فائل فوٹو)
ماریا زوبر (فائل فوٹو)

اعلی ترین ادارے نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کی گورننگ باڈی (این ایس بی ) میں اس وقت بورڈ کی ڈائریکٹر ،چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کی کرسی پر تین خواتین براجمان ہیں۔

امریکہ کی ایک سرکاری ایجنسی 'نیشنل سائنس فاؤنڈیشن' کی 66 سالہ تاریخ میں پہلی بار تین خواتین سائنس دان اہم قائدانہ عہدوں پر فائز ہوئی ہیں۔

امریکہ میں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ریاضی کے شعبوں میں تحقیق کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اعلیٰ ترین ادارے نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کی گورننگ باڈی (این ایس بی ) میں اس وقت بورڈ کی ڈائریکٹر ،چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن کی کرسی پر تین خواتین براجمان ہیں۔

نیشنل سائنس بورڈ کے مئی کے اجلاس کے دوران اس کی گورننگ باڈی نے بورڈ کی چیئرپرسن کی حیثیت سے ماریا زوبر کا تقرر کیا ہے اور نائب چیئر کے لیے پروفیسر ڈائن سووائن کی تقرری عمل میں لائی گئی ہےجبکہ فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر سائنس دان اور محقق پروفیسر فرانس اے کورڈوا ہیں۔

پروفیسر ماریا زوبر اور پروفیسر ڈائن سووائن نے چیئرمین ڈین ارویزو اور نائب چیئرمین کیلیوین ڈروگومائیر کی جگہ سنبھالی ہے جو پچھلے 12 سال سے بورڈسے منسلک رہے ہیں اور چار سال بعد چیئرمین اور نائب چیئر کے عہدوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔

پروفیسر ماریا زوبر میسا چوسٹس یونیورسٹی میں ارضی طبیعات کی پروفیسر اور تحقیق کے لیے نائب صدر ہیں۔ ان کی تحقیق نے سیاروں کی ارضی طبیعات اور خلا کی بنیاد پر لیزر اور ریڈیو نظام کی ٹیکنالوجی کے درمیان تعلق کو ظاہر کیا ہے۔ ان کے کم ازکم 200 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں۔

محقق ماریا زوبر کا بورڈ کے رکن کی حیثیت سے یہ چوتھا سال ہے۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل سائنس بورڈ کی قیادت اور تعلیم اور تحقیق کے لیے بورڈ کے جرات مندانہ تصور کو فروغ دینا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

انھوں نے امریکی خلائی ادارے ناسا کے نو خلائی مشن پر سائنسی تجربات کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا ہے جن میں سے چھ مشن کے ساتھ وہ ابھی بھی منسلک ہیں اور فی الحال ناسا گریوٹی ریکوری اینڈانٹیرئیر مشن میں پرنسپل محقق ہیں۔

پروفیسر ماریا زوبر نے یونیورسٹی آف پیسلوانیا سے فلکیات میں بی اے کیا ہے اور براؤن یونیورسٹی سے ارضی طبیعات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انھوں نے جان ہاپکنز یونیورسٹی میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔

وہ نیشنل اکیڈمی آف سائنس کی رکن ہیں۔ ڈسکور میگزین کی طرف سے انھیں 2002 میں سائنس کی 50 اہم ترین خواتین میں شامل کیا گیا اس کے علاوہ یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی طرف سے انھیں امریکہ کے بہترین لیڈروں میں شامل کیا گیا ہے۔

بورڈ کی نائب چیئر ڈائن سووائن ایک نظریاتی کمپیوٹر سائنس دان ہیں۔ ان کا کمپیوٹیشنل جیو میٹری میں تحقیقی مواد انجنیئرنگ، کمپیوٹر گرافکس، روبوٹس اور مائیکرو چپ کے ڈیزائن میں ایک کمرشل اپیلی کیشنز ہے۔

نیشنل سائنس بورڈ کی 14 ویں ڈائریکٹر فرانس اے کورڈوا کا تقرر 2014 میں امریکی صدر براک اوباما نے کیا۔ وہ ناسا کی خلا باز اور پرڈیو یونیورسٹی کی سابق صدر ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ریور سائیڈ میں طبیعات اور فلکیات کی ایک اہم پروفیسر رہی ہیں۔

نیشنل سائنس بورڈ کے 25 اراکین کا تقرر امریکی صدر کرتا ہے۔ بورڈ کے اراکین کا تقرر ان کی تحقیق، تعلیم، عوامی خدمات اور سائنس اور انجیئرنگ کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی نمایاں خدمات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG