رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے ہرا دیا


افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج ورلڈ کپ کے سلسلے کا 31 واں میچ ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلا گیا جسے بنگلہ دیش نے 3 اوورز پہلے ہی 62 رنز سے جیت لیا۔

افغانستان اب تک 7 میچ کھیل چکا ہے لیکن اس کے پاس ابھی تک ایک بھی پوائنٹ نہیں۔ آج وہ مسلسل ساتواں میچ ہارا ہے۔

افغانستان کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سب سے زیادہ 49 رنز سمیع اللہ شنواری نے بنائے، جب کہ گلبدین نائب دوسرے نمبر پر رہے جنہوں نے 47 رنز بنائے، ٹیم کے باقی کھلاڑی کوئی قابل ذکر سکور کرنے میں ناکام رہے۔

اننگز کا آغاز گلبدین نائب اور رحمت شاہ نے کیا۔ تاہم رحمت شاہ، شکیب الحسن کی بال پر صرف 24 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

رحمت شاہ کی جگہ آنے والے بیٹسمین حشمت اللہ شاہدی تھے جنہوں نے گلبدین نائب کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ لیکن ابھی صرف 11 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ وہ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ مصدق حسین نے لی۔

افغانستان کی جانب سے کامیاب بیٹسمین گلبدین نائب رہے، جنہوں نے 47 رنز بنائے۔ یہ اس وقت تک کا سب سے بڑا اسکور تھا۔

محمد نبی کریز پر پہنچے ہی تھے کہ شکیب الحسن نے انہیں ایک بھی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر بولڈ کر دیا۔

20 رنز بنا کر اصغر افغان بھی پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ شکیب الحسن نے لی اور اس طرح افغانستان کی آدھی ٹیم 125 رنز پر گراؤنڈ سے باہر چلی گئی۔

اکرام خیل 11 کے اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد سمیع اللہ شنواری اور نجیب اللہ زدران نے بیٹنگ کی اور 41 بالوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

نجیب اللہ زدران 17 رنز پر شکیب الحسن کی بال پر مشفق الرحمٰن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ یہ گرنے والی افغانستان کی ساتویں وکٹ تھی۔

ان کے بعد راشد خان بیٹنگ کرنے آئے لیکن محض 2 رنز بعد ہی مشفق الرحمٰن نے انہیں واپس بھیج دیا۔

نویں اور دسویں وکٹ کے طور پر شاہد اللہ شنواری اور دولت زدران کریز پر موجود تھے لیکن دولت کوئی رن بنائے بغیر وکٹس کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ ان کی وکٹ بھی مشفق الرحمٰن نے لی۔

بنگلہ دیش نے 50 اورز میں 262 رنز بنائے
افغانستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس سے بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کا موقع ملا۔ اس نے اپنی اننگز میں مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 262 رنز بنائے ہیں اور جیت کے لیے افغانستان کو 263 کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز لٹن داس اور تمیم اقبال نے کیا جب کہ افغانستان کی طرف سے پہلا اوور مجیب الرحمٰن نے کرایا۔

لٹن داس نے بہت تیزی سے اسکور میں اضافہ کرنا شروع کیا اور 17 بالز پر 16 رنز بنا ڈالے لیکن اس موقع پر مجیب الرحمٰن ان کی وکٹ لے اڑے۔ ان کے بعد شکیب الحسن بیٹنگ کرنے آئے۔

جب تمیم اقبال کا سکور 36 رنز ہوا تو محمد نبی نے انہیں کلین بولڈ کر دیا ۔ اس موقع پر جب کہ بنگلہ دیش کا مجموعی سکور 100 رنز سے کم تھا، اس کی 2 وکٹیں گر چکی تھیں۔

جب بنگلہ دیش کا سکور 138 پر پہنچا تو شکیب الحسن نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے لیکن وہ اس کے بعد زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹہر سکے اور اپنے انفرادی سکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ کرنے کے بعد مجیب الرحمٰن کی بال کا شکار ہو گئے۔

ان کے بعد سومیا سرکار کھیلنے کے لیے آئے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں مجیب الرحمٰن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ یہ ان کی آج کی تیسری وکٹ تھی۔

ان کے بعد محمود اللہ 27 رنز بنا کر گلبدین نائب کی بال پر پویلین لوٹ گئے، جب کہ آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی مشفق الرحیم تھے، جنہیں دولت زدران نے آؤٹ کیا انہوں نے 83 رنز بنائے۔ جب کہ مصدق حسین 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغان ٹیم: سمیع اللہ شنواری، گلبدین نائب، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، محمد نبی، نجیب اللہ زدران، اکرام کیل، راشد خان، دولت زردان اور مجیب الرحمٰن۔

بنگلا دیشی ٹیم: تمیم اقبال، سومیاسرکار، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، لٹن داس، محمود اللہ، مصدق حسین، مہدی حسن مرزا،مشرفی مرتضیٰ، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمن۔

XS
SM
MD
LG