برطانیہ کے شاہی خاندان کو خیرباد کہنے والے شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’نیٹ فلکس‘ کے لیے خواتین سے متعلق اینی میٹڈ سیریز بنائیں گی۔
میگھن اور ان کے شوہر ہیری کی پروڈکشن کمپنی 'آرچ ویل پروڈکشنز' کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آن لائن اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے لیے میگھن مارکل ایک اینی میٹڈ فیملی سیریز بنائیں گی۔
آرچ ویل پروڈکشنز نے اپنے بیان میں بتایا کہ میگھن اس اینی میٹڈ سیریز کی ایگزیکیٹو پروڈیوسر ہوں گی اور اس سیریز کو 'پرل' نام دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اینی میٹڈ سیریز کی کہانی ایک 12 سالہ لڑکی کے ایڈوینچرز کے گرد گھومتی ہے جو تاریخ کی متعدد بااثر خواتین سے متاثر ہے۔
سیریز سے متعلق میگھن مارکل نے اپنے بیان میں کہا کہ بہت سی ہم عمر لڑکیوں کی طرح ہماری سیریز کی ہیروئن پرل بھی خود کو دریافت کرنے کے سفر پر گامزن ہے اور اپنی زندگی میں در پیش روز مرّہ کے چیلنجز پر قابو پانے کی کوشش کرتی ہے۔
ان کے بقول، "میں بے حد پُر جوش ہوں کہ آرچ ویل پروڈکشن نے نیٹ فلکس جیسے پاور ہاؤس پلیٹ فارم اور بہترین پروڈیوسرز کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔"
میگھن کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک ایسی نئی اینی میٹڈ سیریز لائیں گی جو تاریخ کی غیر معمولی خواتین کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرے گی۔
تاہم میگھن اور ہیری کی پروڈکشنز کی جانب سے اینی میٹڈ سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
علاوہ ازیں آرچ ویل پروڈکشنز نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا ہے کہ میگھن مارکل کے ساتھ ڈیوڈ فرنش بھی اس سیریز کے ایگزیکیٹو پروڈیوسر ہوں گے۔
پروڈیوسر ڈیوڈ فرنش برطانوی گلوکار ایلٹن جان کے شوہر ہیں۔ ایلٹن جان ہیری اور میگھن کے قریبی دوست ہیں اور انہوں نے 2018 میں برطانوی شاہی جوڑے کے ریسیپشن کی تقریب پر پرفارم بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ 'پرل' نامی اینی میٹڈ سیریز سے قبل اپریل میں آرچ ویل پروڈکشنز نے نیٹ فلکس کے لیے اپنی پہلی دستاویزی سیریز بنانے کا اعلان کیا تھا۔
'ہارٹ آف انوکٹس' نامی اس دستاویزی سیریز کے ایگزیکیٹو پروڈیوسر شہزادی ہیری ہیں جس کی کہانی 'انوکٹس گیمز' کے گرد گھومتی ہے۔
'انوِکٹس گیمز' ایک بین الاقوامی کھیلوں کا ایونٹ ہے جو خصوصی طور پر زخمی، بیمار اور سابقہ فوجی اہلکاروں کو کھیلوں کی دنیا میں مقابلہ کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے اور اس 'انوِکٹس گیمز' کی بنیاد شہزادہ ہیری نے 2014 میں رکھی تھی۔
علاوہ ازیں گزشتہ ماہ میگھن مارکل کی پہلی کتاب 'دی بینچ' شائع ہوئی تھی جس میں بچوں کے ان کے والد کے ساتھ تعلقات کو بیان کیا گیا ہے۔
میگھن مارکل نے یہ کتاب اپنے بیٹے اور شوہر کے تعلقات سے متاثر ہو کر لکھی تھی۔
برطانیہ کے شاہی خاندان کو خیر آباد کہنے والے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے ہاں جون میں دوسرے بچے (بیٹی) کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔