خواتین کےعالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر ایما واٹسن نے صنفی مساوات کی مہم 'ہی فار شی' کے بارے میں سوالات اور جوابات کی ایک خصوصی نشست میں حصہ لیا جسے اتوار کو فیس بک پر براہ راست نشر کیا گیا۔
گذشتہ برس جولائی میں خواتین تنظیم کی خیر سگالی سفیر مقرر ہونے کے بعد ایما واٹسن نےایک عالمی یک جہتی مہم کے ذریعے دنیا بھر کی عورتوں کو حقوق دلوانے کی لڑائی میں مردوں سے اتحادی بننے کو کہا تھا۔
ہالی وڈ اداکارہ ایما واٹسن نے عورتوں کے عالمی دن 2015 پر عورتوں اور مردوں کی برابری کی عالمی مہم 'ہی فار شی' کے حوالے سے فیس بک پرایک ویڈیو پوسٹ کی تھی اور خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ عورتوں کے عالمی دن پر اپنی مہم کی کامیابی اور صنفی مساوات کے بارے میں لوگوں سے بات چیت کرنا چاہتی ہیں اور سننا چاہتی ہیں کہ کیسے مرد اور خواتین صنفی مساوات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا ذاتی اثر بنا رہے ہیں۔
روزنامہ انڈیپینڈنٹ کے مطابق ریڈیو ون پر ایک انٹرویو کے دوران ہیری پوٹر سے شہرت پانے والی ادکارہ ایما واٹسن نے اپنے ذاتی تجربات کی کہانی سنائی اور تحریک نسواں کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے لیے فیمنزم (تحریک نسواں ) کا مطلب کیا ہے۔
گذشتہ برس اقوام متحدہ میں 'ہی فار شی' مہم کی آغاز پر ایما واٹسن نے ایک متاثرکن تقریر کی تھی، خواتین کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے یہاں ان کی زبردست تقریر میں سےکچھ یادگار اقتباس کا ذکر ہے۔
صنفی مساوات کا مطلب ''صنفی مساوات بنیادی طور پر تاریخ میں عورتوں کی تحریک عورتوں کے لیے ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ صنفی مساوات کےاثرات اور یہ مردوں کو کیسے متاثر کر رہا ہے اس مسئلے کو اصل میں اب تک مخاطب نہیں کیا گیا ہے۔''
تحریک نسواں کیوں بہت اہم ہے: ''ہمارے معاشرے میں عورت اور نسوانیت سے متعلق خصوصیات کی قدر کم ہے جس کے نتیجے میں معاشرے میں عدم توازن ہے اور حقیقت سے برعکس یہ تصور ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔''
عورت کیا چاہتی ہے: "ہم (خواتین) صرف آپ (مردوں) کے ساتھ شامل ہونا چاہتی ہیں۔"
تحریک نسواں برا لفظ کیوں بن گیا ہے: ''لوگ تحریک نسواں کو نفرت سے منسوب کرتے ہیں یعنی مرد سے نفرت لیکن یہ غلط خیال ہے میں نہیں سمجھتی ہوں کہ فیمنزم اسی کے بارے میں ہے یہ واقعی مثبت سوچ کا نام ہے اور میرا خیال ہے کہ شاید اسی وجہ سے عورتیں اس لفظ کو استعمال کرنے سے گریزاں ہیں۔''
تحریک نسواں کا مطلب: ''فیمنزم سیاسی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی لحاظ سے مساوات کا نام ہے اور یہ بہت سادہ مفہوم ہے۔''
مردوں کو فیمنزم کا لفظ کیوں استعمال کرنا چاہیئے : ''مرد سوچتے ہیں کہ یہ لفظ عورتوں کے لیے ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ مساوات پر یقین رکھتے ہیں اور برابری کے حقوق کے لیے کھڑے ہیں تو آپ بھی تحریک نسواں کے علمبردار کہلائیں گے اور مجھے معذرت کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آپ بھی تحریک نسواں کے علمبردار ہیں۔''
میری ماں میرے لیے رول ماڈل ہیں : ''میری ماں نے میری پرورش میں یہ بات ڈال دی تھی کہ میں جو سوچ رہی تھی، جو کرتی تھی اور جو کہتی تھی وہ میری ظاہری شکل و صورت سے کئی گنا زیادہ اہم ہے جبکہ اس وقت معاشرے کی طرف سے مجھے اس کے برعکس تصویر دکھائی جارہی تھی۔''
مرد اور عورت کو کیوں مل کر کام کرنا چاہیئے: ''انسانی نسل پرندے کی طرح ہے جسے پرواز بھرنے کے لیے دونوں پروں کی ضرورت ہے اور اس وقت ایک پر کٹا ہوا ہے اور ہم کبھی بھی بلند پرواز کرنے کے قابل نہیں ہو سکیں گے۔''