رسائی کے لنکس

میکسیکو: دونوں بازوؤں کے ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن


میکسیکو کے ڈاکٹروں کا کہناہے کہ ایک شخص جس کے دونوں بازو بجلی کے ایک حادثے میں جل گئے تھے، ٹرانسپلانٹ کے ذریعے نئے بازو حاصل کرنے والا پہلا لاطینی امریکی شخص بن گیا ہے۔

آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر مارٹن یگلسیا مورالس نے کہاہے کہ ابتدائی طورپرسرجری کامیاب رہی ہے لیکن مریض کو ابھی ایک طویل مرحلے سے گذرنا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ ہم نے اپنے مریض کی شفایابی کے لیے ٹرانسپلانٹ کی کامیابی کا پہلا مرحلہ طے کرلیا ہے ۔ لیکن ابھی تک یہ جنگ پوری طرح جینتی نہیں گئی۔ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب یہ شخص اپنے روزگار پر واپس چلاجائے گا۔ اور اپنے تمام ذاتی امور، مثلاً کھانا کھانا اور نہانا دھونا وغیرہ، خود انجام دینے کے قابل ہوجائے گا۔

گابریل گرانڈوس ویرگارا کی عمر، جس کے دونوں بازو ٹرانسپلانٹ کی کیے گئے ہیں، 52 سال ہے اور اس کے دو بچے ہیں۔ اسے بازوؤں کا عطیہ گولی کا نشانہ بننے والے ایک 34 سالہ شخص نے دیاہے۔

گابریل نے ایک نیوزکانفرنس میں بتایا کہ ٹرانسپلانٹ کا عمل بہت حیرت انگیز تھا اور اس نے اپنے نئے بازوؤں کی موجودگی کو محسوس کرنا شروع کردیاہے۔ جو ایک شاندار احساس ہے۔

گرانڈوس ویرگارامیکسیکو سٹی کے پراسیکیوٹر آفس میں ایک مالیاتی ایجنٹ کے طور پر کام کرتاہے۔

اس کے بازوؤں کی سرجری مئی کے شروع میں ہوئی تھی لیکن اسے جمعرات کو اسپتال سے فارغ کیا گیا ہے۔

گرانڈوس کے دونوں بازو گذشتہ سال جنوری میں بجلی سے جلنے کے بعد کاٹ دیے گئے تھے۔
میکسیکو کے ڈاکٹروں کا کہناہے کہ دوسرے 23 مریض بازو کے ٹرانسپلانٹ کے منتظر ہیں مگر صرف چھ کےکامیاب آپریشن کیے جاسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG