میکسیکو میں حکام نے کہاہے کہ ایک جیل میں مبینہ طور پر منشیات کے گروہوں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک ہوگئے۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ بدھ کے روز شمالی شہر الٹامرا میں قیدیوں نے ایک دوسرے پر چاقوؤں اور دوسرے ہتھیاروں سے حملے کیے۔ اس جھگڑے میں 13 قیدی زخمی بھی ہوئے۔
حکام کا کہناہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورس کے اہل کاروں نے جیل کو محاصرے میں لے کر اس کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
جیل میں بند اکثر قیدی منشیات سے منسلک جرائم کی بنا پر سزائیں کاٹ رہےہیں۔
یہ جیل ریاست ٹمولی پاس میں واقع ہے جہاں منشیات کے گلف اور زیٹاس نامی گروہ ایک دوسرے سے خونی لڑائیوں میں مصروف ہیں۔
دونوں گروہوں کے درمیان تشدد کئی دفعہ جیل تک پھیل جاتا ہے۔