رسائی کے لنکس

مختلف ملکوں میں پابندیاں نرم، سعودی عرب جمعرات سے کرفیو محدود کرے گا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ملکوں میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی کا آغاز ہو گیا ہے۔ شام، فلسطین اور ایران میں پابندیاں نرم کر دی گئی ہیں جب کہ سعودی عرب رواں ہفتے سے نرمی کرے گا۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گزشتہ دو ماہ سے عائد پابندیاں تین مراحل میں ختم کی جائیں گی۔ مکہ کے علاوہ باقی ملک میں 21 جون تک کرفیو ختم کر دیا جائے گا۔

البتہ حج اور عمرہ کی ادائیگی، جس کے لیے سعودی عرب میں لاکھوں غیر ملکی آتے ہیں، فی الحال معطل رہے گی جب تک اس سے متعلق نئے احکامات جاری نہیں ہوتے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ ملک بھر میں 74 ہزار 795 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ 399 اموات ہوئی ہیں۔ تقریباً دو ہزار سے زائد کیسز یومیہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔

تاہم سعودی حکام نے پابندیاں تین مراحل میں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا پہلا مرحلہ رواں ہفتے شروع ہو گا۔ جمعرات سے 24 گھنٹے کرفیو کا دورانیہ کم کر کے صرف دوپہر تین بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

علاقوں کے درمیان آزادانہ آمد و رفت شروع ہو جائے گی جب کہ مختلف ریٹیل اور ہول سیل کاروبار اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت بھی دی جائے گی۔

سعودی عرب نے ابتدائی طور پر کرونا سے بچاؤ کے لیے بیشتر علاقوں اور شہروں میں 24 گھنٹے کرفیو عائد کیا تھا لیکن ماہ رمضان میں نرمی کی گئی تھی۔ اتوار سے عید الفطر کی چھٹیاں شروع ہوتی ہی دوبارہ پانچ روز کے لیے 24 گھنٹوں کا کرفیو عائد کر دیا گیا تھا۔

پابندیوں میں نرمی کا دوسرا مرحلہ رواں ماہ کی 30 تاریخ سے شروع ہو گا جس کے دوران صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔ ملکی پروازیں بحال کی جائیں گی جب کہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

مساجد میں عبادات کی اجازت ہو گی لیکن سماجی فاصلے کی ہدایت اور دیگر احتیاطی تدابیر کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا۔ البتہ یہ تمام پابندیاں مکہ میں برقرار رہیں گی۔

سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو دفاتر جانے کی اجازت ہو گی۔ لیکن بڑی تقریبات اور 50 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی برقرار رہے گی جن میں شادیاں اور جنازے کے اجتماعات بھی شامل ہیں۔

مکہ میں پابندیاں باقی ملک کی نسبت دیر سے ختم کی جائیں گی۔ مکہ میں 21 جون سے مساجد میں عبادات کی اجازت دی جائے گی۔

شام کی صورتِ حال

دوسری جانب شام نے بھی پابندیاں نرم کرتے ہوئے رات کا کرفیو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ شام کی وزارتِ صحت نے ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ کیے ہیں۔

شام میں نقل و حرکت پر عائد پابندیاں اور رات کے وقت نافذ ہونے والا کرفیو منگل سے ختم کر دیا گیا ہے۔

شام میں کرونا وائرس کے اب تک صرف 106 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پیر کو 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ کم کیسز رپورٹ ہونے پر بعض حلقوں کی جانب سے شبہات کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔

امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے شام جیمز جیفری نے بھی اتنے کم کیسز رپورٹ ہونے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔

فلسطین میں پابندیاں نرم

ادھر فلسطینی اتھارٹی نے بھی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے جو منگل سے ہی نافذ العمل ہوں گی۔ فلسطین کے وزیرِ اعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کی فلسطینی بستیوں میں مساجد، چرچ اور کاروبار کھولنے کی اجازت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اب چوں کہ کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تو ہمیں احتیاط کے ساتھ عام زندگی کی طرف لوٹنا ہو گا۔

ممحمد اشتیہ نے کہا کہ حکومت کی وزارتیں اور سرکاری دفاتر بدھ سے کھول دیے جائیں گے اور مغربی کناری کی بستیوں میں نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے قائم چیک پوسٹیں ختم کر دی جائیں گی۔

ایران میں مذہبی و ثقافتی مقامات کھل گئے

دوسری جانب ایران میں بھی ہفتے سے کاروباری سرگرمیاں، مذہبی اور ثقافتی مراکز کھول دیے گئے ہیں اور پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ عجائب گھر اور تاریخی مقامات پر بھی جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG