اسرائیل کی شمالی غزہ میں کارروائیاں تیز، 26 ہلاکتیں
اسرائیل کے شمالی غزہ میں حملوں میں تیزی آگئی ہے جس کے باعث مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں مسجد اور پناہ گزینوں کے لیے اسکول میں بنائے گئے شیلٹر پر حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں 26 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
وسطی غزہ میں الاقصیٰ شہدا اسپتال کے قریب واقع مسجد میں بھی پناہ گزینوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام مرد تھے جب کہ کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیل نے تاحال اس کارروائی پر کوئی موقف جاری نہیں کیا ۔
القسام بریگیڈ اسرائیلی فورسز سے لڑ رہی ہے؛ حماس کا دعویٰ
عسکری تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے جنگجوؤں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان شمالی غزہ میں جھڑپیں جاری ہیں۔
خلیجی نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق حماس نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر اپنے چینل پر دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجو شمالی غزہ میں لڑ رہے ہیں۔
غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق ہفتے کی شب سے شمالی غزہ میں ہونے والے حملوں میں 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسرائیل کے حملوں میں مزید 23 اموات ہوئی ہیں: لبنانی وزارتِ صحت
لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے تازہ حملوں میں مزید 23 افراد ہلاک اور 93 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے متعد دیہات کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی وزارت کا کہنا ہے کہ جاری کردہ تعداد میں ہفتے کی شب کے بعد اسرائیلی حملوں سے ہونے والا جانی نقصان شامل نہیں ہے۔
ایران کے وزیرِ پیٹرولیم کا اہم آئل ٹرمینل کا دورہ
ایران کے وزیر پیٹرولیم محسن پاک نژاد نے ایک بڑے آئل ٹرمینل کا دورہ کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق پاک نژاد نے اتوار کو خارک جزیرے میں واقع تیل کی تنصیبات کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آئل ٹرمینل کے عملے سے بھی ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیرِ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب اسرائیل کی جانب سے ایران کے تیل کے ذخائر اور تنصیبات کو ہدف بنانے کی اطلاعات گردش میں ہیں۔