اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے ہیں: لبنانی حکام
لبنان کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پیر کو بیروت میں ملک کے واحد ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے ہیں۔
اس سے قبل لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا تھا کہ اسرائیل نے صور ڈسٹرکٹ کے 30 قصبوں اور دیہات پر حملے کیے ہیں۔
یہ حملے جنوبی لبنان میں جاری کارروائیوں کے بعد کیے گئے ہیں۔
حزب اللہ نے لبنان سے 135 راکٹ فائر کیے: اسرائیلی فوج
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ نے پیر کو اسرائیل پر 135 راکٹ فائر کیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے لبنان سے مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے 135 راکٹس کیے جو اسرائیلی حدود میں داخل ہوئے۔
یہ حملے شمالی اسرائیل میں کیے گئے جس کے باعث مسلسل سائرن بجتے رہے۔
حزب اللہ کا راکٹ حملہ سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر کیے گئے حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر کیے گئے ہیں۔
یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ
وسطی اسرائیل پریمن سے ایک میزائل فائر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق یمن سے فائر کیا گیا میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
میزائل کے اسرائیلی حدود میں داخل ہوتے ہی فضائی حملے کے سائرن بجنا شروع ہوگئے جس کے بعد مقامی آبادی شیلٹرز میں منتقل ہوگئی۔
صدر پوٹن آئندہ جمعے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے
روس کے صدر پوٹن آئندہ جمعے اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے ملاقات کریں گے۔
پوٹن کے مشیر برائے خارجہ امور نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ یہ ملاقات ترکمانستان میں ہوگی جہاں دونوں رہنما اشک آباد میں ایک تقریب میں شریک ہو رہے ہیں۔
روسی عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس میں دو طرفہ تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتِ حال پر بات چیت ہوگی۔