اسرائیل کا حزب اللہ کے دو کمانڈرز ہلاک کرنے کا دعویٰ
اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک حملے میں حزب اللہ کے دو کمانڈر ہلاک کردیے ہیں۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے کمانڈر احمد مصطفیٰ الحاج علی شمالی اسرائیل پر فائر کیے گئے سیکڑوں میزائل اور ٹینک شکن میزائل کے حملوں کے ذمے دار تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق دوسرے کمانڈر محمد علی حمدان جنوبی لبنان میں ٹینک شکن یونٹ کے کمانڈر تھے۔
حوثی باغیوں کی پھر بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش
یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں ایک بار پھر بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق برطانیہ کی فوج کے ’یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر‘ کے مطابق حوثی باغی کی جانب سے داغے گئے راکٹ سے بحری جہاز کو نقصان پہنچا ہے البتہ اس میں آتش زدگی نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔
اس کے بعد مزید دو راکٹ بھی اس بحری جہاز کے قریب سمندر میں گرے تاہم ان سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
ترکیہ کی فوج نے لبنان سے شہریوں کا اںخلا شروع کر دیا
ترکیہ کی بحری فوج نے لبنان سے اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کر دیا ہے۔
بدھ کو بحریہ کے ایک جہاز میں لگ بھگ دو ہزار ترک شہری سوار ہوئے جب کہ بعض دیگر ممالک کے افراد بھی اس بحری جہاز کے مسافر تھے جن میں بلغاریہ، رومینیا اور قازقستان کے شہری شامل تھے۔
البتہ حکام نے ان افراد کی تعداد نہیں بتائی۔
مغربی کنارے میں اسرائیل کا پانچ عسکریت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ
اسرائیل کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے صرف چار افراد کی اموات کی تصدیق کی ہے۔
بعد ازاں مغربی کنارے کی جماعت ’الفتح‘ کے عسکری ونگ ’الاقصیٰ شہدا بریگیڈ‘ نے ایک بیان مین کہا ہے بدھ کو اس کے چار جنگجو اسرائیلی فوج کی اسپیشل فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہوئے ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی اتھارٹی کی سرکاری نیوز ایجنسی ’وفا نیوز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل کی اسپیشل فورسز نے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک کار پر فائرنگ کی ہے اس گاڑی میں سوار متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں۔
غزہ کی عسکری تنظیم حماس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ نابلس سمیت مغربی کنارے میں مزاحمت ختم نہیں کی جا سکتی۔