اسرائیل کی لبنان پر بمباری میں 27 افراد ہلاک
اسرائیل کے لبنان کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے حملوں کے دوران 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں زیادہ تر جنوبی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں گزشتہ روز سے اب تک ایک درجن سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ ان میں ایک شہر کی بلدیہ کا میئر بھی شامل ہے۔
لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب میقاتی نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ اس نے بدھ کو قصداََ النبطیہ کی بلدیہ کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے جہاں میئر کی صدارت میں امدادی امور سے متعلق اجلاس جاری تھی۔
بلدیہ کی اس عمارت پر حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے مسلسل دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ایران کمانڈر کی اسرائیل کو پھر حملے کی دھمکی
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے اسرائیل کے حملے کی صورت میں ایک بار پھر ایران کی جانب سے میزائل حملوں کی دھمکی دی ہے۔
ستمبر میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے ہمراہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے پاسداران انقلاب کے کمانڈر عباس نیلفروشان کی نمازِ جنازہ کے موقع پر جمعرات کو جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ اسرائیل دوبارہ غلطی نہ کرے۔ ان کے بقول اگر اسرائیل نے ایران کو یا خطے میں اس کہیں بھی کو نشانہ بنایا تو ایران درد ناک انداز میں اسرائیل پر پھر حملہ کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل پر اکتوبر کے آغاز میں میزائل حسن نصر اللہ اور جنرل نیلفروشان کی ہلاکت کے جواب میں کیا گیا تھا۔
ان کا دعویٰ تھا کہ امریکہ کا اسرائیل بھیجا گیا دفاعی نظام بھی اس کو ایران کے حملوں سے محفوظ نہیں بنا سکے گا۔
انہوں نے اسرائیل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم تمھاری کمزوروں سے واقف ہیں اور یہ بات تمھارے علم میں بھی ہے۔‘‘
اسرائیل کی 50 ٹرک امداد غزہ لے جانے کی اجازت
اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کو غزہ میں 50 ٹرک امداد لے جانے کی اجازت دی ہے۔
قبل ازیں امریکہ نے اسرائیل کو متنبہ کیا تھا کہ وہ غزہ میں زیادہ امداد جانے کی اجازت دے ورنہ وہ امریکہ سے فراہم کیے جانے والے ہتھیاروں سے محروم رہ سکتا ہے۔
اسرائیل نے ایک برس سے زائد عرصے سے غزہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے جہاں اس وقت پانی، خوراک، ادویات اور ضروت کی انتہائی بنیادی اشیا کی بھی قلت ہے۔
اسرائیل کا شام میں فضائی حملہ، فوجی چوکی تباہ
اسرائیل نے شام کے شہر اللاذقیہ پر فضائی حملہ کیا ہے۔
شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے لبنان کی سرحد سے 100 کلومیٹر دور شمال میں شام میں اللاذقیہ میں ایک مقام کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی حملے میں ایک فوج کی ایک چوکی تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شام کی فوج نے املاک کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں دو عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔