رسائی کے لنکس

اسرائیل کا حزب اللہ کے ایک اور کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے مطابق ہلاک ہونے والے کمانڈر کی شناخت حسین عواضہ کے نام سے ہوئی ہے جو سرحد پار سے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا ذمہ دار تھا۔

16:27 17.10.2024

اسرائیل کا حزب اللہ کے ایک اور کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اسرائیل کی فوج نے جمعرات کو جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو ہلاک کرنے دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے مطابق ہلاک ہونے والے کمانڈر کی شناخت حسین عواضہ کے نام سے ہوئی ہے جو سرحد پار سے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا ذمہ دار تھا۔

دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کے مختلف حصوں سے لوگوں کو انخلا کے مزید احکامات جاری کیے ہیں۔

ادھر لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ بدھ کو ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں نباتیہ کے علاقے میں 16 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

18:24 17.10.2024

غزہ میں آپریشن کے دوران حماس لیڈر یحییٰ سنوار کی ہلاکت کا امکان دیکھ رہے ہیں: اسرائیلی فوج

اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ وہ حماس کے لیڈر یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے امکانات کو دیکھ رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ایک آپریشن کے دوران تین عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے امکانات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

اپنے بیان میں فوج نے کہا کہ "اس موقع پر دہشت گردوں کی شناخت کی تصدیق نہیں کرسکتے۔"

فوج کے بقول جس عمارت میں تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا اس عمارت میں یرغمالوں کی موجودگی کے کوئی اشارے نہیں ملے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے اس آپریشن کی جگہ اور مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

حماس نے اسرائیلی فوج کے اس بیان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

یحییٰ سنوار کو سات اکتوبر 2023 کے حماس کے اسرائیل پر حملے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ انہیں حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ایران میں قتل کے بعد فلسطینی عسکریت تنظیم حماس کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

اسرائیل اور حماس کے تنازع کا آغاز حماس کے سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد ہوا تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملے میں 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق جنگ میں تقریباً 42 ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔⁣

XS
SM
MD
LG