شامی حکومت نے پالمیرہ کو شدت پسندوں کے قبضے سے چھڑا لیا ہے جبکہ شامی اور روسی فورسز وہاں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کر رہے ہیں جس کے بعد سرگرم کارکنوں کو اس قدیم عالمی ورثے کی تعمیر نو کا موقع دیا جائے گا۔
روس کی طرف سے بھیجے جانے والے معاونین کے مطابق 2 اپریل سے 21 اپریل کے درمیان انگریزی میں پلمائرہ کہلانے والے تدمر شہر کے پرانے حصے کو 17,000 دھماکہ خیز آلات سے پاک کیا گیا ہے۔
روسی ماہرین اب دھماکہ خیز آلات کو ناکارہ بنانے والے مقامی اہلکاروں کی تربیت کر رہے ہیں تاکہ تدمر کے نئے حصے کو صاف کیا جا سکے۔
روسی ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ شدت پسندوں نے دھماکہ خیز آلات کو چلانے کے لیے ٹائروں، ٹارچوں اور حتیٰ کہ لکڑی کے فریموں اور لائٹ کے سوئچوں کا بھی استعمال کیا ہے اس لیے ان سب کا پتا چلانا مشکل ہے۔ اس للیے صفائی کے مشن میں دھماکہ خیز مواد کا پتا چلانے والے کتوں اور روبوٹوں کی مدد لی۔
روسی فنکاروں نے تدمر کی آزادی کی خوشی میں وہاں دو ہزار سال پرانے اوپن ایئر تھیٹر میں جمعرات کو اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ صدر ولادیمر پوتن نے کانسرٹ کے دن مبارکباد کا ذاتی پیغام بھیجا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ لوگوں کو دہشت گردوں پر فتح کو نوع انسانی کی فتح سمجھنا چاہیئے اور دہشت گردی کے لیے مکمل عدم برداشت ہی دہشت گردوں اور اس خطرے کا خاتمہ کر سکے گی۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت نے قدیم شہر میں نقصان کا جائزہ لینے کے لیے اپنے نمائندے بھیجے ہیں۔