مس ساوٴتھ افریقہ نے ملکہٴحسن کا تاج جیت لیا ہے۔ اتوار کے روز لندن میں ہونے والے مس ورلڈ عالمی مقابلہ حسن 2014 ءکا ٹائٹل مس ساوتھ افریقہ' رولین اسٹرؤس' نے جیت کر تاج اپنے سر پر سجایا۔ روایت کے مطابق، سابقہ مس ورلڈ، فلپائنی حسینہ میگن ینگ نے اُنھیں اپنے ہاتھوں سےمس ورلڈ کا تاج پہنایا۔
مس ورلڈ کے فائنل مقابلےمیں 120 حسیناؤں کو مات دے کرحسن کی ملکہ کا اعزاز پانے والی22 سالہ رولین اسٹرؤس ملکہ حسن کا تاج سر پر پہن کر دلوں پر بجلیاں گراتی رہیں؛ جبکہ مقابلے میں شریک حسیناؤں کی جانب سے مبارکبادیں بھی سمیٹتی رہیں۔
مس ورلڈ کا انتخاب فائنل مقابلے میں پانچ ملکوں کی حسنیاؤں میں سے کیا گیا جن میں سے قرعہ فال مس ساوتھ افریقہکے نام کی نکلا؛ رنر اپ حسینہ کا اعزاز مس ہنگری 'ایڈینا کولکسار' نے حاصل کیا اور عالمی مقابلہ حسن کے تیسرے تاج کی حقدار امریکی حسینہ 'ایلزیبتھ سیفرٹ 'کو ٹہرایا گیا۔
رولین اسٹرؤس کی شخصیت خوبصورتی اور ذہانت کی بہترین مثال ہے۔ وہ فری اسٹیٹ یونیورسٹی میں میڈیسن کے چوتھے سال میں ہیں، اور ساتھ ہی، ایم بی اے کی تعلیم حاصل کر کے بزنس کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔
مس ورلڈ مقابلہ حسن 20 نومبر سے لندن میں شروع ہوا، جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سےتعلق رکھنے والی 120 حسیناؤں نے حصہ لیا۔ تین ہفتوں تک جاری رہنے والے مقابلے کی فائنل تقریب 14 دسمبر کو ایکسل لندن ایگزیبیشن اینڈ کنونشن ہال میں منعقد ہوئی۔
مس ورلڈ کے 46واں ایڈیشن کی فائنل تقریب کی میزبانی کے فرائض سابقہ مس ورلڈ میگن ینگ اور فرانکی سینا نے ادا کیئے۔ مس ورلڈ مقابلے کی فائنل تقریب جو کہ براہ راست نشر کی گئی دنیا کے بیشتر ممالک میں دیکھی گئی۔
اگرچہ رواں برس مس ورلڈ مقابلے کے تمام زمروں میں مضبوط امیدوار نظر آنے والی مس انڈیا کوئل رانا نے فائنل مقابلے میں ٹاپ 10 میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ لیکن، ٹاپ 5 حسینہ کے طور پر وہ ججوں کو متاثر نہیں کر سکیں۔
فائنل مقابلےکی اس شاندار تقریب میں سابقہ مس ورلڈ اداکارہ ایشوریہ رائے اپنے شوہر، اداکار ابھیشک بچن اور بیٹی ارادھیا کے ساتھ شریک ہوئیں۔
مس ورلڈ کی فائنلسٹ کا انتخاب ججوں کی جانب سےمقابلہ حسن کے چھ مختلف مقابلوں کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئےکیا جاتا ہے،جبکہ مس ورلڈ کا انتخاب ججوں کی متفقہ رائے سے کیا جاتا ہے۔