ہونڈوراس میں پولیس نے ملکہ حسن اور ان کی بہن کے قتل کے شبے میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
19 سالہ ملکہ حسن ماریا ہوزے الوارادو اور ان کی 23 سالہ بہن صوفیہ کی لاشیں شمال مغربی شہر سانتا باربرا کے قریب دریائے کے کنارے سے برآمد ہوئیں۔
دونوں بہنوں کو لاپتا ہوئے تقریباً ایک ہفتہ ہو چکا تھا اور بدھ کو پولیس نے ان دریائے کنارے دفن ان کی لاشوں کو برآمد کیا۔
انھیں آخری مرتبہ ایک ریزورٹ سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا جہاں وہ صوفیہ کے دوست پلوٹارکو روئز کی سالگرہ منانے کے لیے جمع ہوئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ روئز نے صوفیہ الوارادو کو اس لیے گولی مار کر ہلاک کیا کہ وہ اس نے اسے کو کسی اور مرد کے ساتھ رقص کرتے دیکھا اور وہ اس پر شدید غصے میں تھا۔
صوفیہ پر گولی چلنے کے بعد جب ماریا وہاں سے بھاگنے لگی تو روئز نے اس پر بھی فائرنگ کردی۔
روئز کے ساتھ ایک اور شخص بھی پولیس کی حراست میں ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس نے اس قتل میں روئز کی مدد کی۔
پولیس نے اس ریزورٹ کے مالک کو بھی گرفتار کیا ہے جہاں یہ دونوں بہنیں آخری بار دیکھی گئی تھیں۔
ماریا ہوزے الوارادو رواں سال اپریل میں ہونڈراس کی ملکہ حسن منتخب ہوئی تھیں اور انھوں نے جمعرات کو عالمی مقابلہ حسن میں شرکت کے لیے لندن جانا تھا۔
اقوام متحدہ کے مطابق وسطی امریکہ کے ملک ہونڈوراس میں قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ شمار کی جاتی ہے جب کہ 2005ء سے 2013ء کے دوران یہاں لڑکیوں اور خواتین کے قتل کی وارداتوں میں 263 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔