امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثیوں کی زیر کنٹرول علاقے سے دو میزائل خیلج فارس میں موجود ایک امریکی بحری جہاز کی سمت میں داغے گئے ہیں۔
امریکی فوج کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ میزائل اتوار کو امریکی جہاز کے قریب سمندر میں گرے تاہم وہ ’’یو ایس ایس میسن‘‘ نامی جہاز سے نہیں ٹکرائے۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے آیا کہ ان میزائلوں کا نشانہ امریکی جنگی بحری جہاز تھا یا نہیں۔
فوج کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ ’’یو ایس ایس میسن‘‘ نے بحرہ احمر میں اپنی جانب آنے والے دو میزائلوں کی نشاندہی کی۔ یہ دونوں میزائل یمن کے ساحل کے قریب ساٹھ منٹ کے وقفے میں داغے گئے تھے۔
گزشتہ ہفتے اسی علاقے میں متحدہ عرب امارات کی ایک کشتی پر راکٹ فائر کیے گئے تھے۔ متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس کشتی پر امدادی سامان لدا ہوا تھا جب کہ حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک جنگی کشتی تھی۔