رسائی کے لنکس

انتخابات میں 'دھاندلی' پر گورنر سندھ مستعفی


گورنر سندھ محمد زبیر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
گورنر سندھ محمد زبیر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر احتجاجاً استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مخصوص جماعت کو جتانے کے لئے انتخابات کا انعقاد کیا گیاتھا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد زبیر نے کہا کہ انہیں عام انتخابات پر شدید تحفظات ہیں۔ ان کے مطابق ہمیں کوئی شک نہیں کہ ایک خاص پارٹی کو جتوانے کے لیے الیکشن کرائے گئے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسے دھاندلی زدہ انتخابات نہیں دیکھے۔ 4 روز گزر جانے کے بعد بھی اب تک مختلف حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

محمد زبیر نے الزام عائد کیا کہ پشاور سے کراچی تک انتخابات کے دوران گنتی کے عمل کو مینیج کیا گیا۔ موبائل فون کی اجازت نہیں تھی مگر ویڈیو کلپ سامنے آئے۔ الیکشن کمیشن کو ان ویڈیو کلپس کو دیکھنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ تقریبا تمام سیاسی جماعتوں نے پولنگ کے بعد انتخابی نتائج کی تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن ان تحفظات کو دور کرنے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا ہے. محمد زبیر کے بقول الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ انتخابی نتائج کے لئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم میں خرابی کا کہا گیا۔ بتایا جائے کہ آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا یا بٹھایا گیا۔

انہوں نے تحریک انصاف کے سینیر رہنما جہانگیر ترین پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سپریم کورٹ نے جس شخص کو قرار دیا کہ وہ صادق اور امین نہیں رہا, اب وہ نئی حکومت کے قیام میں جوڑ توڑ میں مصروف ہے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے گورنرشپ کے عہدے سے استعفی صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔ لیکن وہ سیاست نہیں چھوڑرہے اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا دامن صاف ہے۔ بقول ان کے انہوں نے گورنری کے دوران صرف میرٹ پر کام کیا۔

محمد زبیر کو مسلم لیگ ن کی حکومت نے فروری 2017 میں گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کے انتقال کے بعد گورنر نامزد کیا تھا۔ وہ صوبہ سندھ کے 32ویں گورنر تھے۔ اس سے قبل وہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں چئیرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔ محمد زبیر, تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور اسلام آباد سے دوبارہ منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسد عمر کے بھائی ہیں۔

XS
SM
MD
LG