تھائی لینڈ کے ایک ڈے کیئر سینٹر میں جمعرات کو ہونے والی ماس شوٹنگ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس واقعے کو حالیہ تاریخ میں بچوں کے بڑے قتل عام میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ڈے کیئر شوٹنگ کے واقعے پر جمعہ کو تھائی لینڈ میں سوگ کی فضا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ شاہی اور حکومتی نمائندے بھی اس ڈے کیئر سینٹر کا دورہ کر رہے ہیں جہاں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا۔ متاثرہ خاندان کے افراد بھی جائے وقوع پر جمع ہیں اور اپنے پیاروں کی یاد میں سفید پھول لکڑی کے فرش پر رکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں ایک سابق پولیس اہلکار کے چاقو اور بندوق سے کیے گئے حملے میں کم از کم 23 بچوں سمیت 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔