رسائی کے لنکس

باڈی گارڈ" ہٹ ہوگئی،1 ارب کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ بنا سکتی ہے،ماہرین


باڈی گارڈ" ہٹ ہوگئی،1 ارب کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ بنا سکتی ہے،ماہرین
باڈی گارڈ" ہٹ ہوگئی،1 ارب کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ بنا سکتی ہے،ماہرین

فلم "وانٹیڈ"، "دبنگ "اور" ریڈی" کے بعد سلمان خان کی چوتھی فلم "باڈی گارڈ" بھی ہٹ ہوگئی ہے۔ ناصرف ہٹ بلکہ سپر ، ڈوپرہٹ سمجھئے۔ ۔۔اور ممبئی و دہلی کے فلم ڈسٹری بیوٹرز کے اندازے درست ہوئے تو "باڈی گارڈ" ایک ہفتے کے دوران ایک ارب روپے کا بزنس کرنے والی بھارت کی پہلی فلم بن جائے گی۔

خاص عید کے دن ریلیزہونے والی سلمان خان اور کرینہ کپور کی اس فلم نے ملک و بیرون ملک پہلے دن ہی 21 کروڑ روپے کا بزنس کیا ۔ اس رقم کو دیکھتے ہوئے فلمی کاروبار ے اتار چڑھاوٴ پر نظر رکھنے والے ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ اگر رفتار یہی رہی تو "باڈی گارڈ" پہلے ہفتے میں ایک ارب روپے کا بزنس کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کرلے گی۔

"باڈی گارڈ" بھارت کے 2 ہزار 5 سو 77 سنیماگھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔ فلم نے پہلے دن 21اور دوسرے دن 20 کروڑ روپے کا بزنس کیا ۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم کو ملک و بیرون ملک ریلیز کرنے والی ڈسٹری بیوشن کمپنی کے سربراہ اتپل اچاریہ کا کہنا ہے کہ اگر دیش بھر کے سنیما گھروں پر ایڈوانس بکنگ کے رجحان کو دیکھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ فلم جمعہ ہفتہ اور اتوار کو 16 سے 20کروڑ روپے کے درمیان بزنس کرے گی۔

اتپل کے مطابق دہلی اور یوپی سرکٹ میں فلم نے پہلے دن جو ریکارڈ بزنس کیا ہے اس سے پچاس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ دہلی اور یوپی میں چار کروڑ 33 لاکھ کے پہلے دن کے کلیکشن نے فلم کی ریلیز سے پہلے لگائے گئے تمام اندازوں کو غلط ثابت کردیا ہے۔ اسی سرکٹ میں اس فلم نے ایک اور ریکارڈ بنایا اور وہ ہے دو دن میں سات کروڑ 15 لاکھ روپے کابزنس ۔

اسی سرکٹ میں جمعے، ہفتے اور اتوار کے دن کی 55سے 70 فیصد ٹکٹیں ایڈوانس میں ہی بک ہوچکی ہیں۔ پیر کو بھارت میں ٹیچر ڈے پر اسٹوڈنٹس کی چھٹی ہے اور اس چھٹی کا بھی فلم کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

ممبئی میں فلم پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کے کاروبارسے منسلک گریش جوہر کے مطابق بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کلیکشن کرنے والی عامر خان کی فلم" تھری ایڈیٹس" بھی پہلے ہفتے میں سرکاری چھٹی ہونے کے باوجود باکس آفس پر بچاس کروڑ رپے ہی کماسکی تھی۔ گریش کے مطابق باکس آفس کے موجودہ رجحان کودیکھیں تو" باڈی گارڈ" پہلے ہفتے میں ایک ارب کی 'جادوئی فگر' تک پہنچنے والی پہلی بھارت فلمی فلم ہوگی۔

بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کی چاندی

بھارت میں مہنگی ٹکٹس ہونے اور تواتر کے ساتھ فلمیں فلاپ ہونے کے سبب نئی دہلی کے سنیما گھروں سے ٹکٹ بلیک کرنے والے غائب ہوچکے تھے مگر "باڈی گارڈ" کی ریلیز کے بعد ایک بار پھر ان کی چاندی ہوگئی ہے۔نئی دہلی کے چاروں زونز میں واقع سنگل اسکرین تھیٹرز کے باہر ٹکٹس بلیک کرنے والوں کی لاٹری نکل آئی ہے۔وہ منہ مانگے داموں ٹکٹ فروخت کررہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان مزید کچھ ہفتے جاری رہ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG