رسائی کے لنکس

وزیر مملکت نبیل گبول نے استعفیٰ دے دیا


وزیر مملکت نبیل گبول نے استعفیٰ دے دیا
وزیر مملکت نبیل گبول نے استعفیٰ دے دیا

وفاقی وزیر مملکت برائے پورٹ اینڈ شپنگ نبیل گبول اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بھیج دیا ہے ۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے بھی اس کی تصدیق کر دی گئی ہے ۔ نبیل گبول کا موقف ہے کہ و ہ بے اختیار ہیں اور اس وزارت سے اپنے حلقے کی عوام کوکوئی سہولت فراہم نہیں کر سکتے یہی وجہ ہے کہ وہ مستعفی ہو رہے ہیں ۔

میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی جماعت سے کوئی شکایت نہیں تاہم وہ اس عہدے پر اپنے حلقہ لیاری کی عوام کی کوئی بھی خدمت نہیں کر پا رہے اور عوام کی توقعات کو پورا نہیں کر سکتے ، وہ بے اختیار ہیں لہذا وہ اس عہدے کو مزید برقرار نہیں رکھ سکتے ۔ انہوں نے مزید سوالات کے جوابات دینے سے گریز کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کل ایک پریس کانفرنس کریں گے جس میں کھل کر اپنے دل کی باتیں کریں گے ۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ پہلے ہی یہ وزارت چھوڑ چکے ہیں اور اب وزیر مملکت نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ۔

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی مشیر شرمیلا فاروقی نے بتایا ہے کہ اگر نبیل گبول کے کوئی تحفظات ہیں تو وہ دور کیے جائیں گے فوری طور پر نبیل گبول کے تحفظات کے بارے میں انہیں علم نہیں ہے ۔ وزیر اعظم کو استعفیٰ پیش کرنے سے قبل نبیل گبول نے سندھ کے وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا سے بھی ملاقات کی جس میں کراچی کی صورتحال اور شہر میں رینجرز آپریشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ سندھ میں دو اتحادی جماعتیں ایم کیو ایم اور اے این پی ایک دوسرے سے سوتن جیسا سلوک کر رہی ہیں ، صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا شہر کے امن کے لئے کچھ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اگر انہیں روکا گیاتو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں ۔

اس سے قبل وزیر مملکت نبیل گبول اور وفاقی حکومت کے درمیان اس وقت سخت تناؤ دیکھا گیا جب گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے بعد نبیل گبول نے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعدازاں وفاقی حکومت نے ان کے بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی میڈیا پر بیانات دینے پر پابندی عائد کر دی ۔

مبصرین کے مطابق لیاری کے بعض حلقوں میں نبیل گبول کے خلاف سخت اشتعال پایا جاتا ہے اور حلقے کے مختلف علاقوں میں ان کے خلاف وال چاکنگ بھی نظر آتی ہے لہذا نبیل گبول کے پاس مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا کیونکہ انہوں نے آئندہ انتخابات میں ایک بار پھر اسی حلقہ سے الیکشن لڑنا ہے ۔

XS
SM
MD
LG