رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان کی آریان سے ملاقات کے فوری بعد بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو ٹیم کی ان کے گھر آمد


آریان خان اور متعدد دیگر افراد کو دو اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز جہاز پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا۔
آریان خان اور متعدد دیگر افراد کو دو اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز جہاز پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا۔

بھارت کے انسدادِ منشیات کے سرکاری ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم جمعرات کو بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ممبئی میں موجود رہائش گاہ 'منت' پہنچی۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق اداکار شاہ رخ خان جمعرات کی صبح اپنے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے بعد پہلی مرتبہ ان سے ملنے کے لیے ممبئی کے آرتھر روڈ جیل گئے تھے جس کے چند گھنٹوں بعد ہی این سی بی کی ٹیم شاہ رخ خان کی رہائش گاہ پر پہنچی۔

اسی دوران این سی بی کی دوسری ٹیم منشیات کے مبینہ استعمال کے الزام میں گرفتار آریان خان کے کیس کے سلسلے میں اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اداکارہ اننیا پانڈے کی رہائش گاہ پر بھی پہنچی۔

این سی بی نے اداکارہ اننیا پانڈے کو بھی تحقیقات کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق شاہ رخ خان کے گھر پہنچنے والی این سی بی ٹیم کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان کی رہائش گاہ پر آنے کا مقصد باضابطہ نوٹس دینا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر آریان خان کے زیرِ استعمال دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز ہیں تو انہیں تحقیقات کے لیے این سی بی کے حوالے کیا جائے۔

شاہ رخ خان نے جمعرات کو اپنے بیٹے سے ملاقات کے دوران جیل میں 20 منٹ گزارے جب کہ اس دوران انہوں نے میڈیا سے کوئی بات نہیں کی۔

اس سے قبل جمعے کو شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے ویڈیو کال کے ذریعے آریان خان سے بات کی تھی۔

بدھ کو ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے آریان خان کی ضمات ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شاہ رخ خان کا بیٹا منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ واٹس ایپ چیٹس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آریان خان منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں میں مستقل بنیادوں پر ملوث ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ 26 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

خیال رہے کہ آریان خان اور متعدد دیگر افراد کو دو اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز جہاز پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا جہاں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے مطابق ایک پارٹی ہو رہی تھی اور وہاں موجود لوگ منشیات کا استعمال کر رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی ہیں۔ البتہ این سی بی کا دعویٰ ہے کہ وہ منشیات کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

قبلِ ازیں کئی بالی وڈ شخصیات بشمول سلمان خان، رتک روشن، روینہ ٹنڈن، ہنسل مہتہ، پوجا بھٹ، سنیل شیٹی، میکا سنگھ اور سوزین خان نے کھل کر شاہ رخ اور آریان خان کی حمایت کی تھی۔

سلمان خان، ان کے والد سلیم خان، رانی مکھرجی، کاجول، دیپکا پاڈوکون اور انوشکا شرما نے بھی شاہ رخ خان کے گھر جا کر ان سے اظہارِ یکجہتی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG