نیٹو اور افغان حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ساتھ شدید مختلف جھڑپوٕں میں اتحادی افواج نے ایک سو کے قریب شر پسند ہلاک کر دئیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کو افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے پکتیکا میں اتحادی افواج نے شر پسندوں کے نیٹو کی ایک چوکی پر حملے کو پسپا کر دیا جس کے نتیجے میں کم از کم 78حملہ آور ہلاک کر دئیے گئے۔ اس حملے میں نیٹو کے پانچ فوجی زخمی ہوئے۔
نیٹو کی سکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران فوج نے فضائی بمباروں کی مدد بھی طلب کی ۔
ہفتے کو ہی ایک الگ واقعہ میں صوبے ہلمند میں اتحادی اور افغان افواج نے ایک آپریشن کے دوران 17عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ ایک صوبائی سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ ضلع دیشو میں ہونے والی جھڑپ تقریباً 12گھنٹے تک جاری رہی۔
نیٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو جنوبی صوبے زابل میں اتحادی افواج کے ایک ہوائی حملے میں طالبان کے سینئر رہنما ملا عبداللہ کاکڑ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔