امریکی ٹیکنالونجی کمپنی 'ایپل' نے کہا ہے کہ نئے ماڈل کے 'آئی فون 4ایس' کے اجرا کے پہلے روز ہی اسے دس لاکھ سے زائد فونز کے آرڈر وصول ہوئے ہیں۔
'ایپل' کے نئے اور جدید ترین اسمارٹ فون کی آن لائن اور ٹیلی فون کے ذریعے بکنگ کا آغاز جمعہ کو علی الصباح کیا گیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا ہے کہ 199 سے 399 ڈالرز مالیت تک کے نئے ماڈل کے لیے موصول ہونے والے آرڈرز نے موجودہ 'آئی فون 4' کی پہلے دن کی فروخت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو اپنے اجرا کے پہلے ہی روز چھ لاکھ کی تعداد میں فروخت ہواتھا۔
معاشی ماہرین کے بقول نئے فون کی فروخت میں اس اضافے کی ایک وجہ 'ایپل' کے سابق چیف ایگزیکٹو اور شریک با نی اسٹیو جاب کی گزشتہ ہفتے اچانک موت اور بعد از مرگ انہیں دنیا بھر سے پیش کیا گیا خراجِ تحسین بھی ہے۔
'ایپل' کے نئے 'آئی فون 4 ایس' تیز تر مائیکرو پروسیسر، زیادہ طاقت کے کیمرہ اور آواز کی بنیاد پر کام کرنے والے سافٹ ویئر کا حامل ہے۔
دنیا بھر میں موجود ا'یپل اسٹورز' سے اس نئے فون کی فروخت کا آغاز جمعہ سے کیا جائے گا۔ تاہم اس سے قبل ہی لاکھوں افراد تین بڑی امریکی سیلولر کمپنیوں کے ذریعے نئے ماڈل کی پیشگی بکنگ کراچکے ہیں۔