رسائی کے لنکس

داعش کے نئے ترجمان کا مغرب، ترکی اور ایران پر حملوں کا 'عزم'


ترکی کے شہر دیارباقر میں ایک بم حملے کے بعد کا منظر، اس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی
ترکی کے شہر دیارباقر میں ایک بم حملے کے بعد کا منظر، اس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی

دہشت گردی سے متعلق امور کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ المہاجر نے اپنے پیش رو کے بیانیے کی ہی یاد تازہ کیا ہے جو کہ اپنے حامیوں کو اپنے طور پر حملے کرنے کر اکسایا کرتا تھا۔

شدت پسند تنظیم داعش کے لیے مرکزی ترجمان نے حامیوں پر زور دیا ہے کہ اس گروپ کے دشمن انھیں جہاں بھی ملیں "انھیں برباد کر دیا جائے۔"

داعش نے اپنے شعبہ ابلاغ "الفرقان" پر ابو حسن المہاجر کی ایک آڈیو ریکارڈنگ جاری کی جس میں اسے ابو محمد العدنانی کی جگہ ترجمان مقرر کرنے کا بتایا گیا۔

العدنانی 30 اگست کو شام کے علاقے الباب میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔

دہشت گردوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ایک انٹیلی جنس گروپ "سائٹ" کی ریٹا کٹز نے اس ریکارڈنگ کا ترجمہ کیا جس کے مطابق المہاجر نے کہا کہ " ان (دشمنوں) پر بازاروں، سڑکوں، کلبز اور ہر غیر متوقع جگہ پر حملے کرو۔ تمہاری کارروائیوں سے فرق پڑے گا۔۔۔صورتحال کو بدل دو۔"

المہاجر نے امریکہ، روس، یورپ اور ایران پر نئے حملوں کا عزم ظاہر کیا لیکن ترکی کے بارے میں زیادہ ہی زہر افشانی کی۔

اس نے داعش کے حامیوں سے کہا کہ "ترکی کی سیکولر، مرتد حکومت کو عسکری، اقتصادی، سلامتی اور ذرائع ابلاغ سمیت ہر سطح پر نشانہ بناؤ یہاں تک کہ دنیا بھر میں اس کے سفارت اور قونصل خانوں کو بھی۔"

یہ گزشتہ ماہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی جاری کی گئی ایک آڈیو ریکارڈنگ کے پیغام سے ملتا جلتا ہی بیانیہ ہے جس میں البغدادی نے اپنے جنگجوؤں کو ترک فوجیوں کے خلاف اپنا "غیض و غضب" استعمال کرنے کا کہا تھا۔

دہشت گردی سے متعلق امور کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ المہاجر نے اپنے پیش رو کے بیانیے کی ہی یاد تازہ کیا ہے جو کہ اپنے حامیوں کو اپنے طور پر حملے کرنے کر اکسایا کرتا تھا۔

ایک نجی انٹیلی جنس فرم "کرونوس ایڈوائزری" کے شریک بانی مائیکل اسمتھ کہتے ہیں کہ " (المہاجر کا) خطاب مغرب پر حملوں کو متحرک کرنے کے سلسلے کی ہی کڑی ہے اور اس بات کی تصدیق بھی کہ ترکی اس دہشت گرد گروپ کا نشانہ رہے گا۔"

تاحال یہ واضح نہیں کہ المہاجر صرف بیانات دینے تک ہی محدود رہے گا یہ عسکریت پسندانہ کارروائی میں بھی اس کا کوئی کردار ہوگا۔

ابو محمد العدنانی کا شمار داعش کے بانی ارکان میں ہوتا تھا اور اس تنظیم کے مرکزی ترجمان کے علاوہ وہ اس گروپ کی سلامتی کا راہنما ہونے کے ساتھ ساتھ بیرونی حملوں کی منصوبہ بندی میں بھی شامل رہا۔

XS
SM
MD
LG