رسائی کے لنکس

پاکستانی فضاوٴں میں مزید چار چینلز کا اضافہ


پاکستان میں میڈیا نے حال ہی میں جنم لیا ہے، لیکن جس تیزی سے یہ آگے بڑھ رہا ہے لگتا ہے کچھ سالوں بعد اسے باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ حاصل کرلے گا

پاکستان میں نئے نجی ٹی وی چینلز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم جون سے ایک نیا فیملی چینل ’ٹائمز‘ شروع ہوا ہے، جبکہ مئی میں دو نئے چینل ’کہانی‘ اور ’جیو تیز‘ کے نام سے شروع کئے گئے ہیں۔ ’ٹائمز‘ ایکسپریس میڈیا گروپ کی ملکیت ہے جبکہ ’کہانی‘ اور ’جیو تیز‘ جیو ٹی وی انتظامیہ نے شروع کیا ہے۔

ٹائمز‘ کے حوالے سے چینل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ’ٹائمز‘ ایک مکمل فیملی چینل ہے جس سے خبروں کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ پروگرامز بھی پیش کئے جائیں گے ۔

ٹائمز‘ کے ایک ناظر علی عباس محسن نے ’وی او اے‘ کو اپنا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ’ٹائمز’ نے اپنے زیادہ تر پروگرامز، خاص کر مزاحیہ سیریلز اور سیریز، بھارتی ٹی وی چینل ’سب ٹی وی‘ سے خریدے ہیں مثلاً ’آر کے لکشمن کی دنیا‘، ’مسز ٹنڈولکر‘، ’مسٹر اور مسز شرما آلہ آباد والے‘، ’سجن رے جھوٹ مت بولو‘، اور ’ہم آپ کے ہیں ان لاز‘۔ یہ سارے پروگرامز ’سب ٹی وی‘ سے پیش ہو چکے ہیں۔ ’سب ٹی وی‘، ’سونی ٹی وی‘ کی ملکیت ہے۔

ٹائمز‘ پر بھارتی ٹی وی پروگرامز اور ڈراموں کی بھرمار ہے تو ’کہانی‘ چینل پر ترکی ڈرامے ’میرا سلطان‘ کی دھوم ہے۔ اسی چینل سے چند ایک اور ترکی ڈرامے دکھائے جارہے ہیں۔

کراچی کی رہائشی ایک خاتون عامرہ یوسف کا کہنا ہے کہ، ’پاکستان میں نئے ٹی وی چینلز کی آمد کا اب سیدھا سیدھا مطلب یہ ہوگیا ہے کہ ان سے غیرملکی پروگرامز دیکھنے کو ملیں گے۔ یہ چینلز پاکستان کی ملکیت ضرور ہوں گے لیکن ان پر اسٹف غیر ملکی ہوگا۔ بھارتی اور ترکی ڈرامے تو دکھائے جارہے ہیں ہوسکتا ہے آئندہ کچھ دنوں بعد آپ کو ایرانی یا عربی ڈرامے دیکھنے کو ملیں

اِن دونوں ٹی وی چینلز کے مقابلے میں ’جیو تیز‘ کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان کا پہلا ہیڈ لائنز چینل ہے۔چینل کی عہدیدار حفضہ سید نے وی او اے کو بتایا کہ ’جیو تیز‘ کا ہر خبرنامہ صرف15منٹ دورانئے کا ہوگا۔ اس طرح ہر گھنٹے میں چار بلیٹن ہوں گے۔ یہ چینل ان لوگوں کے لئے خاص دلکشی کا باعث ہوگا جن کے پاس ایک گھنٹے طویل خبرنامہ سننے کا ٹائم نہیں یا جو خبروں سے تو دلچسپی رکھتے ہیں لیکن انہیں سیاسی بحث و مباحثے والے پروگرام ’خشک‘ لگتے ہیں۔

تقریباً تین ماہ پہلے ایک اور نیوز چینل ’اب تک‘ بھی پاکستانی فضاوٴں میں اپنے پر پھیلا چکا ہے۔ اس چینل کے ڈائریکٹر نیوز سینئر صحافی ناصر بیگ چغتائی ہیں۔ یہ چینل اصل میں ’اپنا ٹی وی‘ کی ملکیت ہے جو پنجابی زبان میں کئی سال سے اپنی نشریات جاری رکھے ہوئے ہے۔

بعض تجزیہ نگاروں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میڈیا نے اگرچہ حال ہی میں جنم لیا ہے، لیکن جس تیزی سے یہ آگے بڑھ رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ یہ کچھ سالوں بعد باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ حاصل کرلے گا۔
XS
SM
MD
LG