رسائی کے لنکس

برطانیہ کی بہترین یونیورسٹیوں کی نئی فہرست


برطانیہ میں جامعات کی قومی درجہ بندی کی نئی فہرست میں کیمبرج یونیورسٹی کو سال 2015ء کے لیے بہترین تعلیمی ادارہ قرار دیا گیا ہے۔

برطانوی جامعات کی قومی درجہ بندی کی نئی فہرست میں 'کیمبرج یونیورسٹی' کو سال 2015ء کے لیے بہترین تعلیمی ادارہ قرار دیا گیا ہے۔ دوسری بہترین برطانوی یونیورسٹی کا اعزاز اس بار بھی' آکسفورڈ یونیورسٹی' کو حاصل ہوا ہے۔

جامعات کی درجہ بندی کی فہرست ہر سال 'کمپلیٹ یونیورسٹی گائیڈ' کی جانب سے شائع کی جاتی ہے۔

نئی آن لائن رپورٹ کے مطابق کیمبرج یونیورسٹی نے مجموعی طور پر 1000 نمبر حاصل کر کے مسلسل چوتھی بار اس فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ جبکہ برطانیہ کے معتبر تعلیمی ادارے آکسفورڈ نے حریف سمجھی جانے والی کیمبرج یونیورسٹی سے اس بار بھی تمام زمروں میں شکست کھائی ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی نے مختلف زمروں میں کل 993 نمبر حاصل کرنے کے بعد اپنا نام برطانیہ کی دوسری بہترین یونیورسٹی کی حیثیت سے درج کرایا ہے۔

برطانیہ کی تیسری بہترین یونیورسٹی کے لیے 'لندن اسکول آف اکنامکس' کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 'سینٹ اینڈریو' اور 'ڈرہم یونیورسٹی' کو بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی 1209ء میں قائم ہوئی تھی اور اسے انگلستان کی قدیم ترین یونیورسٹی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی دریائے کیم کے کنارے واقع ہے جس کی مناسبت سے اسے کیم-برج یا 'دریا کے پل' کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ اشرافیہ سے منسوب اس تعلیمی ادارے نے اب تک 89 نوبیل فاتحین اور قابل ذکر طالب علموں کو جنم دیا ہے۔

جامعات کی اس فہرست میں 'امپیریل کالج لندن'، 'واروک یونیورسٹی'، 'باتھ یونیورسٹی'، 'یونیورسٹی کالج لندن' اور 'ایکسٹیر یونیورسٹی' کو 10 سرفہرست برطانوی یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

'سی یو جی' یا 'کمپلیٹ یونیورسٹی گائیڈ' نے 'لیگ ٹیبل آف یونیورسٹی' کے لیے 123 برطانوی جامعات کی نو مختلف زمروں میں درجہ بندی کی ہے۔

بہترین یونیورسٹیوں کی رینکنگ ہر سال یونیورسٹیوں کے انفرادی اسکور اور ساکھ کے حوالے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ جس میں طالب علموں کا اعتماد، تعلیمی خدمات، اندراج کا معیار، تحقیقی سہولتیں، طالب علم اور عملے کے تناسب کے علاوہ سہولتیں اور اخراجات، اعزازی اور باقاعدہ گریجویٹس تعداد کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔

برطانوی جامعات کی اس فہرست میں سرے یونیورسٹی 12، لافبرح 13، یورک یونیورسٹی 14، ساؤتھ ہمپٹن 16، برمنگھم یونیورسٹی 17، برسٹل 18، لیسٹر 19، نیوکاسل 20، ایڈنبرگ 21، کینٹ 22؛ کارڈف، لیڈز اور نوٹنگھم 23، شیفیلڈ 26، لنگ کالج لندن 28، گلاسگو 30، سیسیکس 38، لیورپول 38، ایسکیس 39، مانچسٹر میٹرو پولیٹن 73، بریڈ فورڈ 77، لندن میٹروپولیٹن 123، ایسٹ لندن 122، بولٹن یونیورسٹی 121 نمبر پر ہیں۔
XS
SM
MD
LG