رسائی کے لنکس

نئے سال کے نئے ریالٹی شوز، ایک دوسرے کے مقابل


نئے سال کے نئے ریالٹی شوز، ایک دوسرے کے مقابل
نئے سال کے نئے ریالٹی شوز، ایک دوسرے کے مقابل

نیا سال 2011ء شروع ہوچکا ہے ۔ اس کے آغاز کے ساتھ ہی تفریح کی چھوٹی سی دنیا یعنی ٹی وی پر بھی بہت سی نئی چیزوں کی ابتداء ہونے جارہی ہے۔ بہت سے چینل نئے ڈرامہ سیریلیز شروع کررہے ہیں تو کچھ نے نئے ریالٹی شوز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجموعی طور پر چھ نئے شوز شروع ہونے جارہے ہیں جبکہ کچھ پرانے ریالٹی شوز کے نئے سیکولز بھی شروع ہورہے ہیں۔ آیئے ان سے متعلق کچھ تفصیلات پر نظر ڈالی جائے:

ڈانس اولمپکس

آج کل تقریباً ہر بھارتی ٹی وی چینل کا ایک نہ ایک ڈانس ریالٹی شومشہور ہورہا ہے جو چینل کی شناخت اور شہرت کا سبب ہے۔ اور جب بات شہرت کی ہو تو بھلا اسٹار پلس کیسے پیچھے رہ سکتا ہے۔ یہ چینل جلد ہی 'ڈانس اولمپکس' کے نام سے نیا ریالٹی شو پیش کررہا ہے۔ شو کی سب سے خاص بات ، شو میں رہتک روشن کی شمولیت ہے۔ یہ شو 'سو یو تھنک، یو کین ڈانس' نامی انگریزی ریالٹی شو کا فرنچائز ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ

بھارتی ٹی وی چینل 'کلرز' جلد ہی مشہور ریالٹی شو ' گنیز ورلڈ ریکارڈ' پیش کرنے جارہا ہے۔ یہ بھی انگریز ی شو کا ہندی ورژن ہوگا۔ پروگرام کا فارمیٹ کچھ اس طرح کا ہے کہ ناظرین کی تفریح طبع کے ساتھ ساتھ نئے ریکارڈ بھی بنیں گے۔ کچھ اس قسم کی اطلاعات بھی ہیں کہ شو کی میزبانی پریٹی زنٹا کریں گی۔

وائپ آوٴٹ : زور کا جھٹکا

(Imagine) بھارت کاایک اور ٹی وی چینل امیجن نیا ریالٹی شو 'وائپ آوٴٹ: زور کا جھٹکا' کے نام سے شروع کررہا ہے۔ شو کے میزبان ہوں گے سپر اسٹارشاہ رخ خان۔ پروگرام کا فارمیٹ یہ ہے کہ شرکا کو پانی میں رہتے ہوئے جسمانی و دماغی مقابلوں میں حصہ لینا ہوگا۔

انڈیاز منٹ تو ون اٹ

یہ شو اے ایکس این سے شروع ہوگا۔ یہ بھی انگریزی پروگرام کی کاپی ہے۔ شو کو گورو کپور ہوسٹ کریں گے۔ شو کے ہر کھلاڑی کو ایک منٹ میں بیک وقت ایک سے زیادہ کام کرنا ہوں گے۔ شو کے لئے انعامی رقم ایک کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔

ماں ایکسچینج

انگریزی ریالٹی شو 'وائف سوئپ' کو نئے نام 'ماں ایکسچینج' کے نام سے پیش کیاجارہا ہے۔ شو سونی ٹی وی سے پیش کیا جائے گا۔ پروگرام فارمیٹ کے مطابق ہر بارکوئی بھی 2 خواتین کو اپنے اپنے گھر آپس میں تبدیل کرنا ہوں گے۔ مثلاً لیڈی اے کو لیڈی بی کے گھر جاکر اپنے طریقے سے کچھ دن کام کرنا اور گھر سنبھالنا ہوگا۔

'وائف بنا لائف'

یہ بھی اسٹار پلس سے ہی شروع ہونے والا دوسرا ریالٹی شوہے۔ اس شو میں دس گھریلو خواتین کچھ دنوں کے لئے اپنے اپنے گھروں سے باہر چلی جائیں گی جبکہ اس دوران گھر کی ذمے داریاں شوہروں کو سنبھالنا ہوں گی۔

نئے سیکول

مذکورہ بالا پروگراموں کے علاوہ جو ریالٹی شوز اس وقت چل رہے ہیں ان میں سے کئی ایک کے نئے سیکول شروع ہونے جارہے ہیں جبکہ ایک آدھ تو شروع بھی ہوچکا ہے جیسے زی ٹی وی کا 'ڈانس انڈیا، ڈانس ٹو ڈے' جبکہ 'چک دھوم دھوم' کا دوسرا سیشن، 'انڈین آئیڈل' کا چھٹا سیشن، 'کون بنے گاکروڑ پتی' کا چوتھا سیشن اور 'دس کا دم' کا تیسرا سیشن بھی جلد آنے والا ہے۔

XS
SM
MD
LG