رسائی کے لنکس

بھانت بھانت کی زبانوں والا شہر، نیو یارک


2010ء کی مردم شماری کے مطابق نیویارک کی 51٪ آبادی انگریزی بولتی ہے۔ جبکہ ماہرین ِ لسانیات کے مطابق بقایا 49٪ سینکڑوں دیگر زبانیں بولتے ہیں۔

نیویارک، امریکہ کا گنجان آباد ترین شہر ہے جس کی آبادی 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ نیویارک کو عرف ِ عام میں Big Apple بھی کہا جاتا ہے۔ اس شہر میں آپ کو کیا نہیں ملے گا؟ یہاں آپ کو دنیا کی ہر مذہب، تہذیب و تمدّن، روایات اور ثقافت کے لوگ ملیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ بھانت بھانت کے ملکوں کے لوگوں سے آباد ہونے والے نیویارک میں آپ کو تنوع جا بجا بکھرا دکھائی دیتا ہے۔

’بِگ ایپل‘ میں آپ کو دیس دیس کے کھانے اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف ملکوں کی موسیقی، آرٹ اور لوگوں سے ملنے کا موقع ملے گا۔۔۔ اور یہی نہیں بلکہ دنیا کی ہر زبان بھی سننے کو ملے گی ۔۔۔ جی ہاں، ہے نا حیران کن بات؟ ماہرین ِ لسانیات کا کہنا ہے کہ مختلف زبانیں بولنے کے لحاظ سے شاید نیویارک دنیا کا انوکھا ترین شہر ہے جہاں تقریباً 800 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

ماہرین ِ لسانیات کہتے ہیں کہ دنیا کے کم ہی شہر ایسے ہوں گے جہاں اتنی زبانیں بولی جاتی ہوں جتنی کہ نیویارک میں بولی جاتی ہیں۔ اور یہی چیز نہ صرف نیویارک کو دنیا بھر سے مختلف بناتی ہے بلکہ زیادہ تنوع بھی دیتی ہے۔

بولیویا سے تعلق رکھنے والے ایرنیسٹو ایرائز کہتے ہیں کہ وہ اپنے وطن سے دور نیویارک میں رہنے کے باوجود اپنی مادری بولی سے بہت قریب ہیں۔ وہ نیویارک میں رہنے کے باوجود اپنی مادری زبان ہسپانوی میں بات چیت کرتے ہیں۔ ایرنیسٹو ایرائز کے مطابق، ’نیویارک دنیا کا دارالحکومت ہے جہاں ہم سب امن و امان سے رہتے ہیں۔ یہاں ہر پس منظر کے لوگ ہیں اور آپ کو چلتے پھرتے مختلف زبانیں سننے کو ملتی ہیں۔‘

2010ء کی مردم شماری کے مطابق نیویارک کی 51٪ آبادی انگریزی بولتی ہے۔ جبکہ ماہرین ِ لسانیات کے مطابق بقایا 49٪ سینکڑوں دیگر زبانیں بولتے ہیں۔

نیویارک کی دوسری اہم زبان ہسپانوی ہے جو یہاں پر 25٪ لوگ بولتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG