نائیجر نے کہا ہے کہ بوکوحرام کے سیکڑوں شدت پسندوں نے فوج کی ایک چوکی پر حملہ کر کے کم ازکم 32 فوجیوں کو ہلاک اور دیگر 70 کو زخمی کر دیا۔
نائیجر کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ جمعہ کو دیر گئے چاڈ اور نائیجیریا کی سرحدوں کے قریب عسکریت پسندوں نے حملے کے بعد وہاں گھروں اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا۔
ہفتہ کو علی الصبح شدت پسند فرار ہوتے ہوئے فوجیوں کا اسلحہ اور بارود بھی ساتھ لے گئے۔
بعد ازاں بوکوحرام نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں 35 فوجی مارے گئے۔
نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے اس مذہبی انتہا پسند گروپ نے گزشتہ سال ہی شدت پسند گروہ داعش سے وفاداری کا اعلان کیا تھا۔
نائیجر کی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے شدت پسندوں کے خلاف زمینی اور فضائی فوج کے ساتھ کارروائی کی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے دفاعی حکام کے حوالے سے بتایا کہ بوکوحرام کے 19 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اس خطے میں 2009ء سے بوکو حرام نے سیکڑوں حملے کیے ہیں جن میں کم ازکم بیس ہزار افراد مارے جا چکے ہیں جب کہ تیس لاکھ کے لگ بھگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
عسکریت پسند گروپ شمالی نائیجیریا میں سخت گیر اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اس نے مسلح کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔