نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں اسحلہ برداروں نے ایک چرچ میں گھس کر اس وقت فائرنگ شروع کردی جب وہاں ایک دعائیہ تقریب جاری تھی۔
گومبی کے علاقے میں واقع چرچ کے پادری کا کہنا ہے کہ اس حملے میں عبادت میں مصروف 17 افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں پادری کی بیوی بھی شامل ہے۔
پولیس نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
گوکہ تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس کا فوری شک اسلامی عسکریت پسند گروپ بوکو حرام پر ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس گروپ نے رواں ہفتے شمالی مسلم علاقے میں موجود عسیائیوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ تین روز کے اندر یہاں سے چلے جائیں یا پھر مرنے کے لیے تیار رہیں۔
بوکوحرام نے حالیہ دنوں میں ہونے والے متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں کرسمس کے موقع پر ابوجا کے کیتھولک چرچ پر بم حملہ بھی شامل ہے۔ اس واقعے میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔