پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق منگل کو ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سیریز کے لیے دوستانہ ماحول پیشگی شرط ہے جس کی اس وقت کمی ہے۔
پاکستانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہمیں کرکٹ اور دیگر چیزوں کے لیے صورتحال کو موافق بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی کرکٹ کے عہدیداروں سے رابطے میں ہے اور سیریز کے بارے میں وہ ہی زیادہ بہتر بتا سکتا ہے لیکن جہاں تک ان کا خیال ہے تو وہ کچھ زیادہ پرامید نہیں ہیں۔
بھارت نے پاکستان کے ساتھ گزشتہ سال 2015ء سے 2023ء کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی چھ سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن یہ تمام سیریز دونوں ملکوں کی حکومتوں کی اجازت سے مشروط ہوں گی۔
سرتاج عزیز کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران دسمبر اور جنوری میں ہونے والی سیریز سے متعلق اپنے بھارتی ہم منصبوں کی طرف سے حتمی جواب کے منتظر ہیں۔
اگر اس سیریز کے انعقاد کا فیصلہ ہو جاتا ہے تو اس کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات حالیہ مہینوں میں ایک بار پھر شدید کشیدہ ہیں اور گزشتہ ماہ ہی ایک بھارتی عہدیدار نے بھی کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز موجودہ صورتحال میں نہیں کھیلی جا سکتی۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں بھارتی بورڈ کو خط لکھا تھا جس کے جواب میں اس نے کہا کہ اس سلسلے میں بات چیت اکتوبر میں کرکٹ کی عالمی تنظیم کے ہونے والے اجلاس میں کی جائے گی۔