رسائی کے لنکس

نیویارک: داعش کی مدد کے الزام میں 42 سالہ شخص گرفتار


ایف بی آئی ایجنٹ نے گزشتہ دو برس تک ملزم کی نگرانی کی جس کے دوران مشتبہ دہشت گرد نے داعش اور اس کے سربراہ سے وفاداری کا اظہار کیا

نیویارک اپ اسٹیٹ میں مسلم کمیونٹی کی شکایت پر تحقیقات کے بعد، ایف بی آئی نے ایک 42 سالہ عرب شخص کو داعش کے شدت پسندوں کو مالی و مادی مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

ملزم عرفات ایم ناگی لیک وانا نیویارک میں اپنے انتہا پسند نظریات کا پرچار کررہا تھا اور دولت اسلامیہ کی مالی و مادی امداد کے لئے کم از کم دو بار ترکی کا سفر کر چکا تھا۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل برائے قومی سلامتی، جان پی کارلن نے بدھ کو نیویارک کے ویسٹرن ڈسٹرک کے اٹارنی جنرل، ویلیم ہوچل جونیر اور بفیلو ’ایف بی آئی‘ کے اسپیشل ایجنٹ انچارج کے ہمراہ اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف کمیونٹی نے اکتوبر 2012ء میں اس کے انتہاء پسندانہ نظریات کی شکایت کی تھی۔

ایف بی آئی ایجنٹ نے گزشتہ دو برس تک ملزم کی نگرانی کی جس کے دوران ناگی نے دولت اسلامیہ اور اس کے سربراہ سے وفاداری کا اظہار کیا اور اور اکتوبر 2012ء اور جولائی 2014ء میں اس گروپ میں شمولیت کے ارادے سے ترکی کا سفر کیا۔

ملزم کے خلاف حاصل شدہ ثبوت کے مطابق، اس نے باڈی آرمر، جھنڈا، بیک پیک، برن کٹ، فوجی چھریاں، نائیٹ ویژن اور دیگر فوجی استعمال کی اشیاء بڑی مقدار میں خریدیں، جبکہ کمیونٹی کے اراکین نے بھی تحقیقات کے دوران تصدیق کی کہ ملزم اپنے سیاسی و مذہبی نظریات کے پرچار میں لگا ہوا ہے۔

گرفتار ملزم کو ابتدائی طور پر بدھ کی صبح نیویارک ویسٹرن ڈسٹرک میں یو ایس مجسٹریٹ، ہوگ بی اسکاٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس مقدمےمیں ملزم کو 15 برس قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG